عامر خان کی حج پر جانے سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ

عامر خان کو مشروط ضمانت دی گئی تھی وہ بیرون ملک نہیں جاسکتے، لا افسر رینجرز


Staff Reporter August 16, 2015
عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ پیر17 اگست تک محفوظ کرلیا۔ فوٹو: فائل

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان کی حج پر جانے سے متعلق درخواست پر فیصلہ17 اگست تک محفوظ کرلیا۔

ہفتہ کو سماعت انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر 2 میں ہوئی سماعت کے موقع پر رینجرز کے لاافسر نے دلائل میں کہا کہ عدالت اس سے قبل اپنے حکم میں کہہ چکی ہے کہ عامر خان کو مشروط ضمانت دی گئی، عامر خاں سابق وزیر ہیں نہ ہی رکن اسمبلی ہے وہ ایک سیاسی کارکن ہیں جن کے خلاف سنگین جرائم میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں، ٹرائل کورٹ اپنے فیصلے پر نظرثانی کا اختیار نہیں رکھتی جب کہ ضمانت میں یہ شرط رکھی گئی تھی کہ وہ بیرون ملک نہیں جاسکتے اور اس سلسلے میں محکمہ داخلہ کو بھی مطلع کیا جاچکا ہے۔ عامر خان کی جانب سے جو حج سے متعلق دستاویزات دی گئی ہیں وہ کہیں سے بھی کوئی بھی حاصل کرسکتا ہے ان کی کوئی تصدیق نہیں ہے۔

وکیل صفائی نے کہا ہے کہ ان کے موکل کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں نہیں ہے، ٹرائل کورٹ اجازت دے سکتی ہے جس پر عدالت نے عامر خان کے وکلا سے استفسار کیا کہ عدالت نے ہدایت کی تھی کہ عامر خان کس حج گروپ اور کس فلائٹ سے جارہے ہیں اور ان کی حج درخواست کی منظوری سے متعلق دستاویزات عدالت میں جمع کرائی جائیں، عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ پیر17 اگست تک محفوظ کرلیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں