اٹک خودکش حملے میں وزیر داخلہ پنجاب شجاع خانزادہ سمیت 19 افراد شہید

اٹک پولیس لائنز میں شجاع خانزادہ اور ڈی ایس پی شوکت شاہ کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

وزیر داخلہ پنجاب شجاع خانزادہ جنوبی پنجاب میں کالعدم تنظیموں کے خلاف سرگرمیوں میں پیش پیش تھے. فوٹو:فائل

شادی خان میں خود کش حملے کے نتیجے میں وزیرداخلہ پنجاب کرنل (ر) شجاع خانزادہ اور ڈی ایس پی شوکت شاہ سمیت 19 افراد شہید اور 28 زخمی ہوگئے جب کہ اٹک پولیس لائنز میں شہید شجاع خانزادہ اور ڈی ایس پی شوکت شاہ کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔





ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر داخلہ کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ اٹک میں اپنے گاؤں شادی خان میں گھر سے متصل ڈیرے پرعلاقہ مکینوں کے مسائل سن رہے تھے کہ خود کش حملہ آور نے خود کو ان کے ڈیرے پر پہنچ کر اڑا دیا جس کے نتیجے میں پوری عمارت زمیں بوس ہوگئی۔ واقعے کے فوری بعد مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کیں، زخمیوں کو ڈسٹرکٹ اسپتال اٹک اور تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال حضرو کے علاوہ راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف اسپتالوں میں طبی امداد کے لئے منتقل کیا گیا۔





دوسری جانب پولیس لائنز اٹک میں شہید شجاع خانزادہ اور ڈی ایس پی شوکت شاہ کی نماز جنازہ ادا کردی گئی جس میں وزیراعلی پنجاب شہباز شریف، وزیراعلی خیبرپختونخوا پرویز خٹک اور وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان سمیت اعلی سرکاری افسران نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد انہیں آبادی گاؤں میں سپردخاک کردیا گیا۔






وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور شجاع خانزادہ کے ڈیرے میں داخل نہیں ہوا بلکہ اس نے ڈیرے کی عقبی گلی میں خود کو دھماکے سے اڑایا۔ خودکش حملہ آور ممکنہ طور پر 2 تھے، ایک خود کش حملہ آور کی نعش مل گئی ہے جب کہ دوسرے کے اعضاء ملنے کی بھی اطلاعات ہیں۔ جائے وقوعہ سے ملنے والی ایک لاش کی شناخت نہیں ہوسکی اس لئے اس کے اعضا شناخت کے لئے فوری طور پر نادرا کو بھجوائے جارہے ہیں۔ دوسری جانب وزیراعلی پنجاب شہبازشریف نے کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ کے ڈیرے پر دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر رپورٹ طلب کرلی ہے۔



صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف نے وزیرداخلہ پنجاب کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ پر خود کش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شجاع خانزادہ کی شہادت کو ملک و قوم کے لئے بڑا المیہ قراردیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ شجاع خانزادہ پر خود کش حملے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، شجاع خانزادہ تحریک انصاف کے بانی ارکان میں شامل تھے۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے وزیرداخلہ پنجاب شجاع خانزادہ کی شہادت کو قومی سانحہ قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے اہل پنجاب ہی نہیں بلکہ پورے ملک کے امن پسند عوام کو شدید دکھ اورافسوس ہوا ہے۔

واضح رہے کہ وزیر داخلہ پنجاب شجاع خانزادہ جنوبی پنجاب میں کالعدم تنظیموں کے خلاف سرگرمیوں میں پیش پیش تھے اورحساس اداروں نے بھی اپنی رپورٹس میں ان پرحملے کا خدشہ ظاہرکیا تھا۔

https://www.dailymotion.com/video/x31w9x2_shujaa-khanzada_news
Load Next Story