سلمان بٹ کو 5 سالہ معطل سزا سے چھوٹ ملنے کا امکان

آئی سی سی سے کلین چٹ پانے پر قومی ٹیم کے سابق کپتان کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دے دی جائے گی۔


Sports Reporter August 18, 2015
آئی سی سی سے کلین چٹ پانے پر قومی ٹیم کے سابق کپتان کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دے دی جائے گی۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

سلمان بٹ کو5سالہ معطل سزا سے چھوٹ ملنے کا امکان روشن ہوگیا،ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے کلین چٹ ملنے پر اوپنر کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دیدی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق سلمان بٹ، محمد آصف اور محمد عامر 2010 میں دورئہ انگلینڈ کے دوران اسپاٹ فکسنگ میں ملوث پائے گئے تھے، جس پر انھیں نہ صرف آئی سی سی کے اینٹی کرپشن ٹریبونل نے 5 سے 10 سال تک پابندی اور معطلی کی سزائیں سنائی تھیں بلکہ لندن میں جیل کی ہوا بھی کھانا پڑی، محمد عامر کی 5 سالہ پابندی آئندہ ماہ ختم ہو رہی ہے لیکن قواعد وضوابط میں ترمیم کے نتیجے میں پیسر کو رواں سال اپریل میں پیٹرنز ٹرافی گریڈ ٹو ٹورنامنٹ میں شرکت کا موقع مل گیا تھا، ان کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کیلیے راہ ہموار ہوچکی ہے، دوسری جانب سلمان بٹ نے محمد عامر کی طرح کھلے دل کے ساتھ اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کا اعتراف نہیں کیا، اس وجہ سے ان کی بحالی کے پروگرام میں تاخیر ہوئی تاہم 2ماہ قبل انھوں نے بھی باضابطہ طور پر جرم قبول کرلیا، لہٰذا پی سی بی نے معاملہ آئی سی سی کے سپرد کر دیا۔

سلمان بٹ کی گذشتہ دنوں اینٹی کرپشن یونٹ سے دبئی میں ملاقات اسی سلسلے کی کڑی تھی، اگر کونسل نے سابق کپتان کے مثبت رویے کے بارے میں اطمینان کر لیا تو 5 سالہ معطلی کی سزا ختم ہو جائے گی۔ ذرائع کے مطابق قوی امید ہے کہ سلمان بٹ بھی ستمبر میں 5 سالہ پابندی کی مدت مکمل ہونے کی صورت میں فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپس آ سکیں گے، بعد ازاں اگر سلیکٹرز ضرورت محسوس کریں تو سابق کپتان کی انٹرنیشنل مقابلوں میں واپسی کا راستہ بھی بن سکتا ہے، اسکینڈل میں ملوث تیسرے کرکٹر محمد آصف کی جانب سے ایسا کوئی اشارہ نہیں ملا جس سے پتہ چل سکے کہ وہ کرکٹ میں واپسی کیلیے سنجیدہ ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں