اسحاق ڈار کی فضل الرحمن کو ایم کیو ایم کے جائز مطالبات ماننے کی یقین دہانی

حکومت ایم کیو ایم سے مذاکرات اور جائز مطالبات ماننے کو تیار ہے، اسحاق ڈار

حکومت نے ایم کیو ایم کو منانے کے لئے مولانا فضل الرحمان کو اپنا نمائندہ بناکر کراچی بھیجا ہے فوٹو: فائل

وفاقی حکومت نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کو ایم کیو ایم کے جائز مطالبات قانون کے مطابق حل کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے۔


وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے گزشتہ روز جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور ایم کیو ایم سے ان کے استعفے واپس لینے سے متعلق معاملے پر تفصیلی بات کی۔ گفتگو کے دوران مولانا فضل الرحمن نے اسحاق ڈارکو بتایا کہ ایم کیو ایم نے کراچی آپریشن جاری رکھنے کی حمایت کی ہے تاہم ان کا موقف ہے کہ ان کے جائز مسائل کو حل کیا جائے۔ جس پر اسحاق ڈار نے انہیں آگاہ کیا کہ وزیراعظم نواز شریف نے ایم کیو ایم کے جائز مطالبات کو قانون کے مطابق حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ حکومت نے ایم کیو ایم کو منتخب ایوانوں سے اپنے استعفے واپس لینے کے لئے مولانا فضل الرحمان کو اپنا نمائندہ بناکر کراچی بھیجاہے۔

Load Next Story