کراچی میں رینجرزکی کارروائی میں القاعدہ کمانڈر سمیت 2 دہشتگرد ہلاک حساس ادارے کا افسرشہید

حساس اداروں نے کارروائی کے دوران فلیٹ سے 2 خواتین کو حراست میں لیتے ہوئے پوچھ گچھ شروع کردی۔


ویب ڈیسک August 18, 2015
حساس اداروں نے کارروائی کے دوران فلیٹ سے 2 خواتین کو حراست میں لیتے ہوئے پوچھ گچھ شروع کردی۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

رینجرز اورحساس اداروں نے رات گئے گلشن اقبال کے علاقے 13 ڈی میں کارروائی کی جس کے دوران القاعدہ کمانڈر سمیت 2 دہشت گرد ہلاک اور 2 خواتین کو حراست میں لے لیا گیا جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں انٹیلی جنس ادارے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر بھی شہید ہوگئے۔

ترجمان رینجرز کے مطابق حساس اداروں اور رینجرز نے گلشن اقبال کے علاقے 13 ڈی میں ایک فلیٹ پر دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی جس کے دوران دہشت گردوں نے اہلکاروں پر فائرنگ شروع کردی۔ فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک اور حساس ادارے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد سجاد شہید ہوگئے جو آپریشن کی کمان سنبھالے ہوئے تھے جب کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک اہلکاربھی زخمی ہوا۔ رینجرز سے فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں القاعدہ کمانڈر بھی شامل ہے۔ رینجرز نے دہشت گردوں کے ساتھ مقیم 2 خواتین کو حراست میں لیتے ہوئے ان سے پوچھ گچھ شروع کردی۔

ترجمان پولیس کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کی شناخت عبدالاحد اورصالح کے نام سے ہوئی ہے جب کہ حراست میں لی گئی 2 خواتین دہشت گردوں کی بیویاں ہیں اور یہ خاندان 3 ماہ قبل گلشن اقبال میں شفٹ ہوا تاہم حساس اداروں نے فلیٹ کے مالک کا پتا لگا لیا جو اپارٹمنٹ کی یونین کا سابق صدر بھی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد تخریب کاری کا منصوبہ بنارہے تھے تاہم حراست میں لی گئی ان کی بیویوں سے تفتیشی عمل شروع کردیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں