وزیراعظم سے آرمی چیف کی ملاقاتملکی سلامتی کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال

ملاقات میں کراچی آپریشن جاری رکھنے اور دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی رکھنے پر اتفاق کیا گیا


ویب ڈیسک August 18, 2015
ملاقات میں چوہدری نثار، اسحاق ڈار، سرتاج عزیز اور طارق فاطمی بھی شریک ہوئے، فوٹو: آئی این پی

وزیراعظم نوازشریف سے پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے ملاقات کی جس میں کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی اور ملک کی سلامتی کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم ہاوٴس اسلام آباد میں وزیر اعظم نوازشریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے درمیان ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار، وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیر اعظم کے مشیرخارجہ سرتاج عزیز اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی شریک ہوئے، ملاقات میں ملک کی مجموعی سکیورٹی صورتحال اور ملکی سلامتی کے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر وزیر داخلہ پنجاب شجاع خانزادہ کی شہادت کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری آپریشن کو ہر صورت منطقی انجام تک پہنچانے اور دہشت گردوں کے سہولت کاروں و مالی معاونین کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس کے علاوہ ملاقات میں طے کیا گیا مشیر خارجہ سرتاج عزیز کی بھارتی ہم منصب سے ملاقات میں بھارتی جارحیت کا معاملہ سرفہرست رکھا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں