رشید گوڈیل پر حملہ کرنے والوں کی شناخت میں مدد دینے والے کو 50لاکھ روپے انعام کا اعلان

حملہ آوروں کی نشاندہی کرنے والے کی شناخت صیغہ راز میں رکھی جائے گی، کراچی پولیس چیف


ویب ڈیسک August 19, 2015
رشید گوڈیل کو 5 گولیاں لگی جن میں 3 چہرے اور گردن جب کہ 2 سینے میں لگیں، انجم رضوی فوٹو: فائل

پولیس نے رشید گوڈیل پر حملہ کرنے والوں کی شناخت میں مدد دینے والے کو 50لاکھ روپے انعام کا اعلان کردیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کراچی پولیس چیف مشتاق مہر کا کہنا ہے کہ گزشتہ روزرشید گوڈیل پر قاتلانہ حملہ کرنے والوں کی شناخت میں مدد دینے والے کو 50 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا، اس کے علاوہ اس کی شناخت بھی صیغہ راز میں رکھی جائے گی۔

دوسری جانب لیاقت نیشنل اسپتال کے ترجمان انجم رضوی نے میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ ماہر ڈاکٹروں کا پینل رشید گوڈیل کی جان بچانے کے لئے سرتوڑ کوششیں کررہا ہے، ان کا دماغ اورگردے صحیح طور پر کام کررہے ہیں جبکہ بلڈ پریشر اوردل کی دھڑکن بھی ٹھیک ہے، ڈاکٹروں کی جانب سے بلانے پر انہوں نے آنکھوں کے پپوٹوں اور ہاتھ پیروں کو ہلانے کی کوشش کی ہے لیکن اس کے باوجود وہ اب بھی نازک حالت میں ہیں اور آئندہ 24 گھنٹے ان کی زندگی کے لئے انتہائی اہم ہیں۔

انجم رضوی نے مزید کہا کہ رشید گوڈیل کو 5 گولیاں لگیں جن میں 3 چہرے اورگردن جب کہ 2 سینے میں لگیں، سینے میں لگنے والی ایک گولی نے ان کا ایک پھیپھڑا شدید متاثرکیا ہے اوروہ گولی اب بھی پھیپھڑے میں موجود ہے، وہ گولی ان کی حالت خطرے سے باہرہونے پرہی نکالی جاسکتی ہے لیکن ان کا دوسرا پھیپھڑا صحیح طریقے سے کام کررہا ہے،جس کی وجہ سے سے انہیں فراہم کی جانے والی مصنوعی آکسیجن میں 50 فیصد تک کمی کی گئی ہے تاکہ وہ خود سے سانس لے سکیں۔

وزیراعظم محمد نواز شریف نے رشید گوڈیل كے بیٹے نوفل گوڈیل سے ٹیلی فون پربات کی اوران سے والد كی صحت كے بارے میں دریافت كیا، وزیراعظم نے رشید گوڈیل كی جلد صحت یابی كے لئے دعا كی، انہوں نے متعلقہ حكام كو رشید گوڈیل كو ہر ممكنہ بہترین طبی سہولیات كی فراہمی كی ہدایت كی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں