آئی پی ایل فرنچائز کنگز الیون پنجاب میں کرپشن کے انکشافات پریٹی زنٹا کا انکار

بی سی سی آئی حکام کو جھوٹ پکڑنے والا آلہ لگانے کا مشورہ دیا تھا تاکہ کھلاڑی میچ فکسنگ کا سوچ بھی نہ سکیں، پریٹی زنٹا

میڈیا نے بی سی سی آئی حکام کے ساتھ میری میٹنگ کی خبروں کو غلط انداز سے نشر کیا، پریٹی زنٹا۔ فوٹو: فائل

لاہور:
انڈین پریمیئر لیگ میں سٹے بازی اور میچ فکسنگ سے متعلق انکشافات کا سلسلہ مسلسل جاری ہے اور چنئی سپر کنگز کے بعد کنگ الیون پنجاب میں بھی کرپشن کے انکشافات سامنے آئے ہیں لیکن فرنچائز کی مالک بالی ووڈ اداکارہ نے میچ فکسنگ کی تمام خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کنگ الیون پنجاب کی مالکن پریٹی زنٹا کا کہنا تھا کہ آئی پی ایل میں کئی میچز کا فیصلہ پہلے سے ہی طے شدہ ہوتا تھا، بہت سے لوگوں نے مجھے میچ سے پہلے نتیجے کا بتایا جو 100 فیصد درست ثابت ہوا۔ میری ٹیم کے کچھ کھلاڑی مشکوک سرگرمیوں میں ملوث رہے، میچ کے دوران 100 فیصد کارکردگی نہ دکھانے پر بہت سے کھلاڑیوں کو ٹیم سے باہر بھی کیا، کنگ الیون پنجاب کے کچھ کھلاڑیوں نے جان بوجھ کر میچز ہارے۔ رپورٹس کے مطابق پریٹی زنٹا کا کہنا تھا کہ بی سی سی آئی کا اینٹی کرپشن یونٹ فکسنگ نہیں روک سکا اور ان کے اقدامات اور دعوے صرف دعوے ہی رہے۔




دوسری جانب مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں پریٹی زنٹا نے اپنی ٹیم میں میچ فکسنگ سے متعلق تمام خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا نے بی سی سی آئی حکام کے ساتھ میری میٹنگ کی خبروں کو غلط انداز سے نشر کیا۔ میں نے بی سی سی آئی حکام کو صرف جھوٹ پکڑنے والے مشین لگانے کا مشورہ دیا تھا تاکہ کھلاڑی میچ فکسنگ سے متعلق سوچ بھی نہ سکیں۔



واضح رہے کہ اس سے قبل آئی پی ایل کے سابق سربراہ للت مودی سمیت متعدد کھلاڑیوں پر بھی کرپشن اور میچ فکسنگ کے الزامات ثابت ہو چکے ہیں جب کہ بھارتی سپریم کورٹ مہندرا سنگھ دھونی کی ٹیم چنئی سپر کنگز پر 2 سال کی پابندی بھی عائد کر چکی ہے۔
Load Next Story