یہ بیاہ کروڑوں کے بولی وڈ کی منہگی ترین شادیاں

بہت خوش نصیب ہوتے ہیں وہ لوگ جو اپنی پسند سے شادی کرتے اور اسے نبھاتے بھی ہیں

بہت خوش نصیب ہوتے ہیں وہ لوگ جو اپنی پسند سے شادی کرتے اور اسے نبھاتے بھی ہیں:فوٹو : فائل

RATODERO:
اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ جوڑے آسمانوں پر بنتے ہیں، زمین پر بسنے والے انسان تو بس اپنی کوشش میں ہی لگے رہتے ہیں، لیکن ہوتا وہی ہے جو قسمت میں لکھا ہوتا ہے۔ بہت خوش نصیب ہوتے ہیں وہ لوگ جو اپنی پسند سے شادی کرتے اور اسے نبھاتے بھی ہیں۔ کہیں بات بنتے بنتے بگڑ جاتی ہے تو کہیں اچانک ہی بگڑتے بگڑتے بن جاتی ہے۔

ایسا ہی کچھ بولی وڈ میں بھی ہے یہاں شادی ہر کسی کے لیے خواہ اس کا تعلق فلمی دنیا سے ہو یا نہیں، ایک کریز ہے۔ فلمی اسٹارز کے چاہنے والے اس بات کو شدت سے جاننا چاہتے ہیں کہ وہ کب اور کس سے شادی کر رہے ہیں۔ کسی بھی فلم ستارے کی شادی عام شادیوں کی طرح سے نہیں ہوتی بل کہ ان شادیوں پر پیسہ پانی کی طرح بہایا جاتا ہے۔

فائیواسٹار ہوٹلز، بھاری بھرکم جیولری ، منہگے ترین ڈیزائنر کے عروسی ملبوسات، نئے ماڈلز کی گاڑیاں، منہدی ، مایوں اور سنگیت کے فنکشنز اور اس سلسلے میں استعمال ہونے والی تمام لگژری اشیاء فلمی اسٹارز کی شادی کاسب سے اہم حصہ ہوتی ہیں۔ سب سے بڑھ کر مقابلہ بازی کی فضا انہیں بہت کچھ غیرضروری بھی کرنے پر مجبور کردیتی ہے۔

شادی اگر کسی ہیروئن کی ہو تب بات اور بھی خاص ہوجاتی ہے۔ ذیل کے مضمون میں بولی وڈ کی منہگی ترین شادیوں کے بارے میں بتایا گیا ہے جسی کی تفصیل آپ کو حیران کر دے گی۔

٭شلپا شیٹھی، راج کندر: شلپا اپنی فٹنس کے حوالے سے بین الاقوامی شہرت رکھتی ہیں۔ بولی وڈ میں ان کے کریڈٹ پر کچھ زیادہ کام نہیں البتہ ان کی شہرت کی بڑی وجہ برطانوی شو بگ باس میں شمولیت تھی، جس میں انہوں نے فرسٹ پرائز حاصل کیا تھا۔

شلپا نے شادی کے لئے بالکل صحیح وقت کا انتخاب کیا اور لندن کے رہائشی بھاری نژاد بزنس مین راج کندر سے ایک زبردست معاشقے کے بعد شادی کر لی راج کی یہ دوسری شادی تھی اور ان کے پہلی بیوی سے دو بچے بھی ہیں، لیکن انہوں نے شلپا سے بڑی دھوم دھام سے شادی کی اور اس شادی کو خفیہ رکھنے کی کوئی فضول کوشش بھی نہیں کی۔

شلپا اپنی شادی کے موقع پر بہت خوش دکھائی دیتی تھیں۔ انہوں نے جو چاہا وہ پالیا تھا۔ یہ شادی اتنے دھوم دھڑکے سے ہوئی کہ ایک عرصے تک اس کے بارے میں خبریں آتی گئیں شلپا کی شادی کی رسومات کا آغاز مایوں اور سنگیت سے ہوا اور اس کے لیے کھنڈالا میں شلپا کے ایک قریبی دوست کے فارم ہاؤس کا انتخاب کیا گیا تھا، جب کہ شادی کی رسمیں ممبئی میں راج کے گھر میں ادا کی گئیں۔ شادی کے بعد ایک گرینڈ ریسپشین دیا گیا، جس میں انڈیا کی ٹاپ کلاس نے شرکت کی۔ ان میں فلمی ستارے ، سیاست داں ، بزنس ٹائیکون وغیرہ شامل تھے۔

یہ ریسپشین ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں دیا گیا تھا جس میں تقریباً ایک ہزار کے قریب مہمانوں نے شرکت کی تھی۔ شلپا کی عروسی ساڑھی جو کہ سرخ رنگ کی تھی، اس پر Swarovski crystals لگائے گئے تھے، جس کی وجہ سے اس ساڑھی کی مالیت پچاس لاکھ تک پہنچی تھی نہ صرف یہ بل کہ شلپا کے زیورات جن میں کندن کی جیولری بھی نمایاں تھی، ان میں ڈائمنڈز اور emeralds شامل تھے۔ ان زیورات کی قیمت تین کروڑ بتائی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ اپنی شادی کے موقع پر راج اور شلپا نے جو ویڈنگ کیک تیار کروایا تھا اس کا وزن اسی کلو گرام تھا۔

٭ایشوریا رائے بچن ، ابھشیک بچن: مس ورلڈ کا تاج پہننے والی اور ایک اچھی اداکارہ کا اعزاز پانے والی ایشوریا کی شادی سب ہی کے لیے ایک معما تھی۔ سلمان اور ویویک سے بریک اپ کے بعد ان کی شادی ایک بڑا سوالیہ نشان تھی، لیکن خوش قسمتی سے شادی کے لیے قرعہ فال ابھیشیک بچن کے نام نکلا، جن کے کریڈٹ پر اس بات پر فخر کرنے کے علاوہ اور کچھ نہیں کہ وہ اینگری ینگ میں امیتابھ بچن کے صاحب زادے ہیں۔


ابھیشیک اور ایش کی شادی گوکہ زیادہ دھوم دھام سے نہ ہوئی کیوں کہ اس وقت بگ بی کی ماں تیجی بچن کی طبیعت خراب تھی اور وہ اسپتال میں تھیں۔ اس کے باوجود شادی سے متعلق تمام لگژریز پر دل کھول کر پیسہ خرچ کیا گیا تھا۔ ایش کی منہدی کے لیے پندرہ کلو گرام منہدی راجستھان سے خاص طور سے منگوائی گئی تھی۔ ایش کی عروسی ساڑھی پر سونے کے دھاگوں سے گولڈ اور سرخ زری کا کا م کیا گیا تھا ، جب کہ ان کے زیورات کی قیمت بھی کروڑوں میں تھی۔

٭کرینہ کپور، سیف علی خان: سیف کی پہلی شادی اداکارہ امرتا سنگھ سے ایک زور دار عشق کی بدولت ہوئی۔ حالاں کہ اس شادی سے سیف کی والدہ شرمیلا ٹیگور خوش نہ تھیں، اس کی سب سے بڑی وجہ یہ تھی کہ امرتا سیف سے سات سال بڑی تھی۔ یہ شادی امرتا کی کوششوں سے بارہ سال تک قائم رہی، کیوں کہ سیف کی ہر ایک سے فلرٹ کرنے کی عادت سے امرتا بہت تنگ رہتی تھیں۔ ان کے دو بچے ابراہیم اور سارہ ہیں۔ شادی کے بارہ سال بعد ان دونوں میں علیحدگی ہوگئی اور سیف نے امرتا کو طلاق دے دی۔ اس کے بعد انہوں نے کرینہ کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھایا تو پھر کسی اور طرف دیکھ نہ سکے۔



کرینہ کا بھی شاہد کپور سے پانچ سال بعد بریک اپ ہوگیا تھا۔ گو دونوں نے شادی نہیں کی تھی، تاہم وہ ساتھ ہی رہتے تھے۔ سیف اور کرینہ اپنے پچھلے بریک اپ کے بعد تنہا تھے۔ یہ تنہائی انہیں قریب لے آئی اور ان دونوں نے شادی کرلی۔ بولی وڈ کی یہ نوابی شادی ہر لحاظ سے ایک یادگار شادی تصور کی جاتی ہے۔ شادی پر باقاعدہ نکاح کا اہتمام کیا گیا تھا اور اس موقع پر کرینہ نے نوابی فیملی کا خاندانی عروسی جوڑا یعنی گلابی غرارہ پہنا تھا۔

اس سے پہلے یہ غرارہ شرمیلا ٹیگور بھی نواب منصور علی سے شادی کے موقع پر پہن چکی تھیں۔ اس نکاح کے بعد کرینہ نے خصوصی طور پر تیار کرایا گیا اپنا عروسی لباس پہنا جو سرخ چولی اور شرارے پر مشتمل تھا۔ اس لباس کی قیمت تقریباً اسی نوے لاکھ تک بتائی جاتی ہے، جب کہ زیورات کی قیمت کا کوئی اندازہ نہیں۔ شادی کے بعد سیف کی ماں کی جانب سے ممبئی کے فائیواسٹار ہوٹل میں ولیمے کی دعوت کا اہتمام کیا گیا تھا، جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے نامی گرامی افراد نے شرکت کی تھی۔ اس ولیمے پر چائنیز ، کونٹی نیٹل فوڈز کے ساتھ مختلف انواع واقسام کے دیسی کھانے بھی موجود تھے۔

٭جیلنا ڈی سوزا، ریتش دیک مکھ: ان دونوں فلمی اسٹارز نے اپنی پسند سے شادی کی ا ن کا افیئر تقریباً پانچ سال تک رہا۔ جیلنا کا تعلق کیوںکہ عیسائی گھرانے سے ہے اس لیے شادی کی رسومات دونوں طریقوں سے ادا کی گئیں۔ شادی کے فنکشنز پانچ دن تک چلتے رہے ریتش کے والد ویراس راؤ کیوںکہ ملک کے نام ور سیاست دا ہیں اور وہ مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ بھی رہ چکے ہیں، اس لیے اس شادی میں فلمی ستاروں کے ساتھ ساتھ کئی نام ور سیاست دانوں نے بھی شرکت کی تھی۔ ریتش اور جیلنا کی شادی کے اخراجات کا تخمینہ پچیس کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔

٭شاہ رخ خان،گوری: بولی وڈ کے کنگ خان کے بارے میں سب ہی یہ بات جانتے ہیں کہ انہوں نے کس دھواں دار عشق کے بعد گوری سے شادی کی۔ اس شادی کے لیے گوری کے خاندان والے ہرگز راضی نہ تھے کیوں کا شاہ رخ خان کے تعلق مسلم گھرانے سے ہے۔ شاہ رخ نے اس بات کا غم نہ کیا بل کہ اپنے آپ کو منوانے کے لیے ممبئی آگئے، جہاں انہوں نے کچھ فلموں میں کام یابی حاصل کی، جس کے بعد ایک بار پھر وہ گوری کا ہاتھ مانگنے دہلی چلے گئے اور اس بار ان کی جیت ہوئی اور ان دونوں کی شادی ہوگئی۔ شاہ رخ کی گوری سے محبت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ اس وقت ان کی انکم زیادہ نہ تھی، پھر بھی اپنی شادی کے موقع پر انہوں نے ایک کروڑ روپے خرچ کیے تھے۔

٭عامر خان، کرن راؤ: کرن سے عامر کی یہ دوسری شادی تھی۔ اس سے پہلے وہ اپنی ڈیبیو فلم قیامت سے قیامت تک کی ریلیز سے پہلے اپنی بچپن کی محبوبہ سے شادی کر چکے تھے۔ یہ ایک کام یاب شادی تھی۔ ان دونوں نے پندرہ سال کا عرصہ ایک ساتھ گزارا اور ان کے دو بچے بھی ہیں۔ تاہم عامر کی فلم لگان کی اسسٹنٹ ڈائرکٹر کرن راؤسے جلد ہی عامر کی ذہنی ہم آہنگی ہوگئی جس کا نتیجہ شادی کی صورت میں نکلا۔ اس سے پہلے عامر اپنی پہلی بیوی کو طلاق دے چکے تھے۔ اس طلاق میں دونوں کی رضامندی شامل تھی۔ کرن سے عامر کی شادی 2005 میں ہوئی اور اس شادی پر عامر نے تقریباً دو کروڑ روپے خرچ کیے تھے۔

٭رتھک روشن ، سوزانے خان: رتھک روشن بولی وڈ کا ایک کام یاب اسٹار ہے۔ اس کے کریڈٹ پر کئی اچھی اور کام یاب فلمیں ہیں۔ انڈسٹری میں رتھک جیسا ڈانسر کوئی نہیں۔ البتہ س کے ڈانس اسٹائل کو ہر ایک فالو ضرور کرتا ہے۔ رتھک کی شادی 2000 میں اداکار سنجے خان کی بیٹی سوزانے خان سے ہوئی۔ یہ ایک لو اسٹوری تھی دونوں ہی بچپن سے ایک دوسرے کو چاہتے تھے۔ سو ان کی گھر والوں کو بھی کوئی اعتراض نہ تھا، لیکن بدقسمتی سے یہ لواسٹوری زیادہ عرصے تک نہ چل سکی اور شادی کے تیرہ سال بعد ان دونوں میں طلاق ہوگئی۔ ان کے دو بیٹے بھی ہیں۔ طلاق کی وجہ سوزانے اور ارجن رام پال کے درمیان پیدا ہونے والے تعلقات تھے۔ ری تھک نے اپنی شادی کے موقع پر دل کھول کر پیسہ خرچ کیا تھا اور اس وقت اس شادی کے اخراجات کا تخمینہ تین کروڑ روپے لگایا گیا تھا۔

٭اکشے کما ر، ٹوئنکل کھنہ: بولی وڈ کے کھلاڑی کمار اکشے کا شمار اس وقت انڈسٹری کے ٹاپ فائیو ایکٹرز میں کیا جاتا ہے۔ نہ صرف یہ بلکہ وہ سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکار کی حیثیت سے بھی جانے جاتے ہیں اپنے کیریئر کے آغاز میں ان اکشے کا شلپا شیٹھی اور روینہ ٹنڈن کے ساتھ زبردست قسم کا افئیر چلاتھا روینہ سے تو اکشے نے منگنی بھی کر لی تھی لیکن پھر اکی کا دل ٹوئنکل پر آگیا اور ایسا آیا کہ اس سے شادی کرلی اکشے اور ٹوئنکل کو انڈسٹری کا کام یاب کپل کہا جاتا ہے۔ دونوں بہت اچھی ازدواجی زندگی گزار رہے ہیں۔ اکشے نے اپنی شادی بہت دھو م دھام سے کی تھی اور انہوں نے اپنی شادی کے موقع پر ساڑھے تین کروڑ روپے خرچ کیے تھے، جو اس وقت بہت بڑی رقم تھی۔
Load Next Story