سنسناٹی ٹینس جینی بوچارڈ دوسرے راؤنڈ کی مہمان بن گئیں

پیٹرا کیوٹواکا قصہ بھی تمام، بینسک انجری کے سبب آؤٹ، سریناکامیاب، وکٹوریا آذرنیکا نے ووزینسکی کو آؤٹ کلاس کردیا


Sports Desk/AFP August 21, 2015
مینز میںجوکووک، اینڈی مرے اور نڈال تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے، شارڈے، ورڈاسکو،کیورے اورسیپی ناکام ۔ فوٹو : اے ایف پی

ISLAMABAD: سنسناٹی ماسٹرز ٹینس میں جینی بوچارڈ دوسرے راؤنڈ کی مہمان بن گئیں، انھیں الینا سویٹولینا نے سخت مقابلے کے بعد 7-6 اور7-5 سے مات دے دی، پیٹرا کیوٹوا بھی ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئیں، ورلڈ نمبر ون سرینا ولیمز نے دفاعی مہم کا فتح کے ساتھ آغاز کرلیا، وکٹوریا آذرنیکا نے کیرولین ووزینسکی کو شکست دیدی، بیلینڈا بینسک کی انجری نے لوسی سفارروا کو کوارٹر فائنل میں پہنچا دیا ۔ مینز سنگلز میں نووک جوکوک، اینڈی مرے اور رافیل نڈال تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے۔

تفصیلات کے مطابق کینیڈین کھلاڑی جینی بوچارڈ کی کارکردگی بہتر ہونے کا نام ہی نہیں لے رہی، سنسناٹی ماسٹرز میں انھیں الینا سویٹولینا نے7-6 (6) اور 7-5 سے زیر کر لیا۔امریکی اسٹار سرینا ولیمز نے بلغارین حریف سویٹانا پیرونکووا کو 7-5 اور 6-3 سے باآسانی زیر کیا،کیرولین ووزینسکی کو وکٹوریہ آذرنیکا کے ہاتھوں اسٹریٹ سیٹس میں 6-0 اور 6-4 سے شکست کا صدمہ برداشت کرنا پڑا۔

کیرن کینپ نے ڈاریا گیوریلووا کیخلاف 6-4 اور 6-1 سے فتح سمیٹی۔بیلینڈا بینسک کی انجری نے لوسیا سفارروا کو کوارٹر فائنل میں پہنچا دیا ۔ دیگر میچز میں چوتھی سیڈ پیٹرا کیوٹووا کو کیرولین گارشیا نے 7-5، 4-6 اور 6-2 سے مات دیدی، اس طرح ایونٹ میں اب ابتدائی5 سیڈز میں صرف2 ہی پلیئرز باقی رہ گئی ہیں۔ سیمونا ہالیپ نے کرسٹینا میلڈینووک کو 7-5، 5-7 اور 6-4 سے قابو کیا،لوسی سفارووا نے امریکی وائلڈ کارڈ کوکو وینڈی ویگ کو 6-4 اور 7-5 سے شکست دی۔ مینز سنگلز میں عالمی نمبر ایک نووک جوکووک نے اپنے پہلے میچ میں بینوئٹ پائر کو 7-5 اور 6-2 سے ہرایا۔ اینڈی مرے کو مارڈی فش کیخلاف دوسرے راؤنڈ میں سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا تاہم وہ مقابلہ 6-4 اور 7-6 (1) سے اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے۔

رافیل نڈال نے جریمی شارڈے کو 6-3 اور 6-4 سے مات دی۔ دیگر میچز میں اسٹینسلاس واورنیکا نے بورنا کورک کو 3-6، 7-6 (7/3) اور 6-3 سے ہرایا، رچرڈ گیسکوئٹ نے تھاناسی کوکناس کو 7-6 (7/5) اور 6-2 سے مات دی، ڈیوڈ گوفن نے فرنانڈو ورڈاسکو کو 6-4 اور 7-6 (7/4) سے زیر کیا، ٹومی روبریڈو نے سام کیورے کو 6-1، 5-7 اور 6-3 جبکہ فیلسیانو لوپز نے آندریاس سیپی کو 7-6 (8/6) اور 6-2 سے آؤٹ کلاس کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔