عبدالرزاق آج ڈسپلنری کمیٹی کے سامنے پیش ہوں گے

چیئرمین بورڈ سے ملاقات بھی متوقع، ٹیم منیجر وکوچ کی رپورٹس کا جائزہ لیا جائے گا.

امپائرز اسکینڈل اور قومی ٹیم کے لیے بیٹنگ کوچ کی تقرری پر بھی بات چیت متوقع۔ فوٹو : اے ایف پی

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہیڈکوارٹر میں جمعے کو سرگرمیاں عروج پر ہوں گی۔


ڈسپلنری کمیٹی کے سامنے پیش ہونے والے آل رائونڈر عبدالرزاق کے کیس میں اہم پیش رفت کا امکان ہے، منیجر اور کوچ کی رپورٹس کی روشنی میں قومی ٹیم کی ٹوئنٹی20 ورلڈ کپ میں کار کردگی کا جائزہ لیا جائے گا، امپائرز اسکینڈل اور بیٹنگ کوچ کی تقرری کے حوالے سے بات چیت بھی متوقع ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین ذکا اشرف میگا ایونٹ کے بعد قذافی اسٹیڈیم میں جمعے کو مختلف کمیٹیوں کے اجلاس کی صدارت کریں گے، سیمی فائنل سے ڈراپ کرنے کا الزام کپتان محمد حفیظ پر عائد کرنے والے عبدالرزاق انضباطی کارروائی کی زد میں آ گئے تھے، آل رائونڈر شوکاز نوٹس کا تحریری جواب داخل کرتے ہوئے معافی بھی مانگ چکے۔

انھیں جمعے کو ڈسپلنری کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کے لیے کہا گیا جبکہ چیئر مین بورڈ سے ملاقات بھی متوقع ہے، اس میں بڑی حد تک آل رائونڈر کے مستقبل کی سمت متعین ہو جائے گی، ہانگ کانگ سکسزکی قیادت سے وہ تو پہلے ہی محروم ہو چکے اب بھاری جرمانے یا پابندی کا سامنا ہے۔ بورڈ کی میٹنگ میں منیجر نوید اکرم چیمہ اور کوچ واٹمورکی رپورٹس زیرغور آئیں گی،امپائرز اسکینڈل میں شامل2پاکستان آفیشلز کے معاملے کی جانچ کیلیے قائم کمیٹی کی کارروائی کا جائزہ لیا جائے گا ، یاد رہے کہ تحقیقاتی کمیٹی نے امپائرز سے متعلق ابتدائی رپورٹ، اصل فوٹیج فراہم کرنے کی درخواست کر رکھی ہے جس کی روشنی میں کوئی فیصلہ کرنا آسان ہوگا۔انتخاب عالم اور ذاکر خان سمیت 5 رکنی ٹیم ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلیے سفارشات مرتب کر کے اس ضمن میں کام بھی کرے گی۔

Recommended Stories

Load Next Story