ایان بنی اُستانی

ایک ملزمہ جامعہِ کراچی میں اتنا بڑا طوفان بپا کر گئی لیکن کمال دیکھیے کہ کسی کو کان و کان خبر تک نہ ہوئی۔


سعید احمد August 21, 2015
یہ واقعہ صرف جامعہ کی انتظامیہ کے منہ پر تمانچہ نہیں بلکہ خود کو تعلیم اور طلبہ کی علم بردار کہلوانے والی طلبہ تنظیموں پر بھی کاری ضرب ہے۔


ارے سعید کیا تمھیں معلوم ہے کہ آج ماڈل ایان علی نے جامعہ کراچی میں انٹری ماری اور اسے کیا خوب پزیرائی ملی ہے۔ ملک کی بیٹی نے نہ صرف ایک اشتہاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا بلکہ پڑھے لکھے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں نے اس کے ساتھ خوب سیلفیاں بنوائیں اور بات صرف سیلفیوں کی حد تک نہیں تھی میرے دوست آخر میں مہمان نوازی کا ثبوت دیتے ہوئے ماڈل کو ایک شیلڈ بھی پیش کی گئی اور ایک بات تو میں بتانا ہی بھول گیا کہ ماڈل نے قوم کے ثبوتوں کے مشکل ترین سوالوں کے جواب بھی ایک منجھے ہوئے پروفیسر کی طرح اپنی تعلیمی قابلیت اور تجربات کی روشنی میں دیئے۔

https://twitter.com/AnmolAleena/status/634385315462049792
جاؤ نہ بھائی اپنا کام کرو، کیا فضول کی ہانکے جا رہے ہو، ماڈل ایان علی کا بھلا تعلیم سے کیا تعلق؟ وہ تو شوبز سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون ہے اور منی لانڈرنگ اسکینڈل میں ملنے والی بدنامی کے بعد کون احمق ہے جو اسے کسی اشتہاری مہم کا حصہ بنائے گا؟ جاؤ مجھے اپنا کام کرنے دو۔ اس سے پہلے کہ میں اپنے دوست پر مزید بڑھکتا، اُس نے فوراً سے اپنا موبائل میرے سامنے رکھ دیا جس میں ماڈل ایان علی جامعہ کراچی کے پبلک ایڈ منسٹریشن ڈپارٹمنٹ کے کوریڈور میں طالب علموں کے ساتھ سیلفیاں بنواتی اور لیکچر دیتی نظر آئیں بلکہ اپنے گارڈز کے ساتھ اِس طرح مٹر گشت کرتی دکھائی دی جیسے ہمارے ملک کے سربراہ سڑکوں پر کرتے دکھائی دیتے ہیں۔


ایان علی کی تصاویر دیکھ کر پہلے تو ایک لمحے کے لئے مجھے یقین ہی نہیں آیا کہ یہ جامعہ کراچی کی ہی تصاویر ہیں، لیکن پھر میں نے اپنے دوست سے کہا کہ سمجھ نہیں آتا کہ اِس واقعہ کے بعد ایان علی کو دعوت دینے والوں کی تعلیمی قابلیت پر صف ماتم بچھایا جائے یا پھر جامعہ کراچی جیسی عالمی شہرت یافتہ درسگاہ اور پبلک ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ کی انتظامیہ کے لئے فاتحہ خوانی کی جائے جو اس پورے واقعہ سے اِس قدر بے خبر رہی کہ انہیں اس بات کا پتہ بھی اُس وقت چلا جب ایک ہائی پروفائل کیس کی ملزمہ نے تد ریسی ادارے کی جگ ہنسائی کرنے کے بعد تصاویر کو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیں۔


یہ واقعہ صرف جامعہ کی انتظامیہ کے منہ پر ایک زور دار تمانچہ ہی نہیں بلکہ خود کو تعلیم اور طلبہ کی علم بردار کہلوانے والی طلبہ تنظیموں پر بھی کاری ضرب ہے، کہ ایک ملزمہ جامعہ کراچی میں اتنا بڑا طوفان بپا کرگئی اور کسی کو کان و کان خبر تک نہ ہوئی۔ پھر قربان جاؤں جامعہ کی انتظامیہ کی سادگی پر کہ جن کا کہنا ہے اُن کو علم ہی نہیں تھا کہ اُن کے ڈیپارٹمنٹ میں کب ایسا ایونٹ منعقد ہوا لیکن اب ذمہ دار طالب علموں کو نوٹس جاری کرکے ان سے وضاحت طلب کرلی گئی ہے۔ افسوس اور لمحہ فکریہ تو یہ ہے کہ اب انتظامیہ اِس قدر نااہل ہوچکی ہے کہ اُس کو علم ہی نہیں ہوتا کہ ڈیپارٹمنٹ میں کون کون آتا ہے۔ سب سے پہلے تو انتظامیہ کو اپنی غفلت اور نااہلی کی وضاحت کرنے کی ضرورت ہے پھر ان بگڑے ہوئے طالب علموں سے واقعہ کی پوچھ گچھ کی جائے۔

https://twitter.com/Azharkh4/status/634456094463496192

لیکن جہاں تک میری معلومات ہیں اور اِن معلومات کی تصدیق درج ذیل تصاویر بھی کررہی ہیں کہ نہ صرف انتظامیہ کو ایونٹ کی پیشگی معلومات تھی بلکہ ایان علی سے ملاقات بھی کی اور تصویریں بھی کھینچوائی۔ لیجیے تصویر پر ایک نظر آپ بھی ڈالیے۔





ماڈل ایان علی کی جامعہ کراچی آمد کو دیکھ کر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اکبر الہ آبادی نے جیسے یہ شعر آج کے دن کے لئے ہی لکھ رکھا تھا۔



تم شوق سے کالج میں پھلو، پارک میں پھولو
جائز ہے غباروں میں اڑو، چرخ پہ جھولو
بس اک سخن بندہ عاجز کا رہے یاد
اللہ کو اور اپنی حقیقت کو نہ بھولو

مزید کہتے ہیں


تعلیم جو دی جاتی ہے ہمیں وہ کیا ہے فقط بازاری ہے
جو عقل سکھائی جاتی ہے وہ کیا ہے، فقط سرکاری ہے

[poll id="615"]

نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 سے 800 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر ، فیس بک اور ٹویٹر آئی ڈیز اوراپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کریں۔ بلاگ کے ساتھ تصاویر اورویڈیو لنکس

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں