سری لنکا پریمیئر لیگ کے غبارے سے بھی ہوا نکلنا شروع

میچ فکسنگ کے بعدفرنچائززکے کنگال ہونے کی اطلاعات سامنے آنے لگیں، فیکا ناراض


Sports Desk October 19, 2012
میچ فکسنگ کے بعدفرنچائززکے کنگال ہونے کی اطلاعات سامنے آنے لگیں، فیکا ناراض فوٹو: فائل

سری لنکا پریمیئر لیگ کے غبارے سے بھی ہوا نکلنا شروع ہوگئی، میچ فکسنگ کے بعد فرنچائزز کے کنگال ہونے کی اطلاعات سامنے آنے لگیں۔

بسنا ہیرا نے ابھی تک کئی غیرملکی کھلاڑیوں کو معاوضے ادا نہیں کیے، فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن(فیکا) نے معاملے پر سخت کارروائی کی دھمکی دے دی۔تفصیلات کے مطابق سری لنکا پریمیئر لیگ کا ابھی ایک ہی ٹورنامنٹ منعقد ہوا مگر بنگلہ دیشی ایونٹ کی طرح یہ بھی مسائل میں گھری نظر آتی ہے، پہلے تو ایس ایل پی ایل کو کرپشن الزامات نے کافی متاثر کیا اور اب لیگ کی فرنچائزز کے بھی کنگال نکلنے کا انکشاف ہوا ہے، سری لنکا میں کھیلنے والے کئی کھلاڑی بھی معاوضوں کو ترسے ہوئے ہیں۔ بسنا ہیرا نے ابھی تک کئی غیرملکی کھلاڑیوں کو رقوم ادا نہیں کی ہیں۔

آسٹریلوی کھلاڑیوں ڈینیئل اسمتھ، کیمرون بورگس اور ڈیرک نینس کو ابھی تک صرف آدھی کنٹریکٹ فیس دی گئی، دو جنوبی افریقی کرکٹرز چارل لینگویلڈ اور ریلی روسیو کا معاملہ تو مزید پیچیدہ ہے، لینگویلڈ سے 20 ہزار ڈالر کا معاہدہ کیا مگر انھیں صرف 25 فیصد رقم دی گئی جبکہ روسیو سے 10 ہزار ڈالر کا معاہدہ کرکے ابھی تک ایک بھی پیسہ ادا نہیں کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فیکا نے خبردار کر دیاکہ اگر فوری طور پر بقایاجات ادا نہ کیے گئے تو سخت ایکشن لیا جائے گا۔ اس سے قبل فیکا کھلاڑیوں کو اسی قسم کے مسائل پر بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے بائیکاٹ کا بھی مشورہ دے چکی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں