دیامیر بھاشا ڈیم کیلیے اے ڈی بی جائزہ مشن بھیجے وزیرخزانہ

ایشیائی بینک وفدسے ملاقات میں تھرکول پراجیکٹ پرغلط فہمیاں دورکرنے کی یقین دہانی.


Khususi Reporter October 19, 2012
ایشیائی بینک وفدسے ملاقات میں تھرکول پراجیکٹ پرغلط فہمیاں دورکرنے کی یقین دہانی. فوٹو فائل

پاکستان نے ایشیائی ترقیاتی بینک کو دیامیر بھاشا ڈیم کیلیے جائزہ مشن پاکستان بھیجنے کی درخواست کرتے ہوئے تھرکول پراجیکٹ کی جلد تکمیل کیلیے بینک کی تمام غلط فہمیاں دور کرنے کی یقین دہانی بھی کرادی ہے۔

ذرائع کے مطابق جائزہ مشن بھیجنے کی درخواست وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ نے اقتصادی ٹیم کے ہمراہ گزشتہ روز اے ڈی بی کے بورڈ آف ڈائریکٹرزکے وفدسے ملاقات میںکی، ایشیائی بینک ٹیم کی سربراہی ایگزیکٹو ڈائریکٹر مورین سیٹورس نے کی، اجلاس کا مقصد پاکستانی معیشت کے مختلف پہلووں کا جائزہ لیناتھا۔وزارت خزانہ کے مطابق وفاقی وزیرخزانہ نے اجلاس میں پاکستان کی مجموعی اقتصادی صورتحال اور پولیٹیکل اکانومی پر بریفنگ دی اور سال 2008 سے اب تک کی حکومتی کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا اور کہاکہ امن و امان کی صورتحال، تیل کی قیمتوں میں اضافے اور سیلاب جیسی قدرتی آفات سمیت دیگر چیلنجز کے باوجود حکومت اقتصادی ترقی کو آگے لے جانے میں کامیاب رہی۔

وفاقی اخراجات کو کنٹرول اور ٹیکس وصولیاں بڑھانے کیلیے جراتمندانہ اقدامات کیے گئے۔ اجلاس کے دوران ایشیائی ترقیاتی بینک کے حکام کی طرف سے پاکستان میں سرمایہ کاری میں کمی کے حوالے سے متعدد سوالات کیے گئے جن کے جواب میں وزیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ نے کہاکہ پاکستان میں سرمایہ کاری میں کمی سے متعلقہ ایشو میڈیا کی طرف سے بڑھاچڑھاکرپیش جارہاہے، یہاں تک کہ بعض سرمایہ کاروں کی طرف سے پاکستان میں کاروبارکرنے کے حوالے سے جو رسک درپیش آتے ہوئے وہ ان خطرات کی شدت کو بھی بڑھا چڑھاکر پیش کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر خزانہ نے کہاکہ پاکستان کی سرمایہ کاری کی پالیسی بہت آزادانہ ہے، پاکستان میں سرمایہ کاروں کیلیے وسیع اور پرکشش مواقع موجود ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں