آصف اور سلمان بٹ کی معطل سزائیں بدستور برقرار

اینٹی کرپشن کوڈ کی پھرخلاف ورزی کی تو دوہری سزاؤں کا اطلاق ہو جائے گا


Saleem Khaliq August 22, 2015
ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی سے قبل بورڈکے ری ہیبلی ٹیشن پروگرام پرعمل لازمی فوٹو: فائل

ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی سے قبل محمد آصف اور سلمان بٹ کو پی سی بی کے ری ہیبلی ٹیشن پروگرام پر عمل کرنا ہوگا، دونوں کھلاڑیوں پر معطل سزا ابھی ختم نہیں ہوئی،اگر انھوں نے پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کی پھر خلاف ورزی کی تو دوہری سزاؤں کا اطلاق ہو جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق اسپاٹ فکسنگ میں ملوث کرکٹرز کی پابندی کا خاتمہ یکم ستمبر کی شب ہو رہا ہے، اگلے روز سے دونوں کھیل میں واپسی کے اہل ہوں گے،آصف، عامر اور سلمان بٹ 5،5 سالہ پابندی کا شکار ہوئے تھے، سینئر پیسر اور سابق کپتان کو بالترتیب2 اور5 برس کی معطل سزا بھی سنائی گئی تھی جو ابھی برقرار ہے۔

دونوں اگر اب اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے تو اپنے بورڈ سے جو بھی سزا ملے اس میں آئی سی سی والی پابندی بھی شامل ہوجائے گی۔ سلمان اور آصف نے آئندہ ماہ شروع ہونے والے ڈومیسٹک ٹوئنٹی 20ایونٹ میں شرکت کا عزم ظاہر کیا مگر بورڈ نے انھیں اس سے روک دیا تھا،ذرائع نے بتایا کہ دونوں کھلاڑیوں کو اب پی سی بی کا ری ہیبلی ٹیشن ورک مکمل کرنا ہوگا، انھیں اینٹی کرپشن کی ایک کتاب دی جائے گی جسے پڑھنے کے بعد نوجوان کھلاڑیوں کو غلط کاموں سے دور رہنے کے لیکچرز بھی دیں گے۔

وہ بتائیں گے کہ ہم سے غلطی ہوئی آپ ایسی چیزوں سے بچ کر رہیں۔ فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی کے بعد بھی سلمان، آصف اور عامر اینٹی کرپشن آفیسرز کی نظروں میں رہیں گے، ان کے طرز عمل کا خصوصی جائزہ لیا جاتا رہے گا۔ یاد رہے کہ محمد عامر کو پابندی ختم ہونے سے کچھ عرصے قبل ہی ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی کی اجازت مل گئی تھی مگر وہ انجری مسائل کی زد میں آ گئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔