پاکستانی پلیئرز کی سزا ختم محمد اشرفل کے بھی سوئے ارمان جاگ اٹھے

سابق بنگلہ دیشی قائدآئندہ برس اگست تک کھیل کے میدان میں واپسی کیلیے تیار

سابق بنگلہ دیشی قائدآئندہ برس اگست تک کھیل کے میدان میں واپسی کیلیے تیار۔ فوٹو؛ فائل

پاکستان کے سابق کپتان سلمان بٹ اور فاسٹ بولر محمد آصف پر سے پابندی ہٹنے کی خبر سے بنگلہ دیشی محمد اشرفل کے بھی سوئے ارمان جاگ اٹھے، آئندہ برس اگست تک وہ بھی کھیل کے میدان میں چھلانگ لگانے کو تیار ہیں۔


ان کا کہنا ہے کہ امریکا میں کرکٹ سے فارغ ہوجاؤں تو اصلاحی پروگرام بھی شروع کرلوں گا، اشرفل کو پاکستانی فاسٹ بولر عامر کی طرح اپنے بورڈ کی تمام تر ہمدردیاں بھی حاصل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے حال ہی میں فکسنگ کے جرم میں ملوث ہونے والے سلمان بٹ اور آصف پر عائد پانچ سالہ پابندی ختم ہونے کا اعلان کیا گیا۔ یہ خبر بنگلہ دیش کے سابق کپتان محمد اشرفل نے بڑی خوشی سے سنی کیونکہ وہ خود پریمیئر لیگ میں کرپشن میں ملوث رہنے کی وجہ سے پانچ برس پابندی کی سزا بھگت رہے ہیں، مگر اس میں 2 برس کی سزا معطل ہے، اس لیے آئندہ برس 13 اگست کو ان کی پابندی ختم ہوجائے گی۔ اشرفل پر آغاز میں 8 برس کی پابندی عائد کی گئی لیکن انھوں نے بی سی بی کے ڈسپلنری پینل میں اس سزا کو چیلنج کرکے بہت زیادہ کمی کرالی تھی۔

اشرفل ان دنوں امریکا میں ایک غیر آفیشل ٹورنامنٹ کھیل رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ میں اکتوبر تک وطن واپس لوٹ آؤں گا، بورڈ کو پہلے ہی آگاہ کرچکا کہ کرکٹ میں واپسی کیلیے درکار اصلاحی پروگرام میں شرکت کیلیے تیارہوں، وہ جس وقت کہیں گے میں حاضر ہوجاؤں گا، میرے خیال میں یہ پروگرام دسمبر میں شروع ہوگا، میرے کرکٹ کیریئر کے دوبارہ احیاء کیلیے اس پروگرام میں شریک ہونا بہت ہی ضروری ہے۔ واضح رہے کہ فکسنگ کیس میں ملوث پاکستانی پلیئرز میں سے عامر کو اپنے بورڈ کی تمام تر ہمدردیاں حاصل رہیں، اسی طرح اشرفل کو بھی اپنے بورڈ کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ بی سی بی کی ڈسپلنری کمیٹی نے واضح کیا ہے کہ اشرفل اگلے سال اگست میں اپنی پابندی مکمل ہوتے ہی ملک کی نمائندگی کے اہل ہوجائیں گے۔
Load Next Story