عمران خان کا الیکشن کمیشن کے صوبائی ممبران اور چیرمین نادرا کے استعفے کا مطالبہ

عدالتی حکم کے بغیرچیئرمین نادرا نے ایاز صادق کو بچانے کے لیے سپلیمنٹری رپورٹ دینے کی کوشش کی، چیرمین تحریک انصاف


ویب ڈیسک August 23, 2015
ایاز صادق سے کوئی ذاتی اختلاف نہیں بلکہ انتخابی سسٹم کو صاف اور شفاف کرنا چاہتا ہوں، عمران خان، فوٹو:فائل

لاہور: چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی کرنا مجرامانہ غفلت ہے لہذا الیکشن کمیشن کے صوبائی ممبران اور چیرمین نادرا فوری طور پر مستعفیٰ ہوں۔

اسلام آباد میں این اے 122 سے متعلق پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد پریس کانفرنس کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے 2013 کے انتخابات کو دھاندلی شدہ قراردیا تھا اور جوڈیشل کمیشن نے بھی اپنی رپورٹ میں الیکشن کمیشن کی جانب سے بےضابطگیوں کا ذکر کیا تھا اور اس حوالے سے ہم الیکشن کمیشن کو خط بھی لکھ چکے ہیں تاہم ہمیں ابھی تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں آج بھی وہی عملہ موجود ہے جو 2013 کے الیکشن میں موجود تھا لہذا این اے 122 کی رپورٹ آنے کے بعد ان کا الیکشن کمیشن میں رہنے کا کوئی جواز نہیں بنتا اس لیے تمام صوبائی ارکان کو فوری طور پر مستعفیٰ ہوجانا چاہیے۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ نادرا چیرمین کو بھی فوری طور پر استعفیٰ دینا چاہیے کیوں کہ وہ دھاندلی کے کوراپ میں شامل تھے جب کہ انہوں نے ایاز صادق کو بچانے کے لیے سپلیمنٹری رپورٹ دینے کی کوشش کی جو عدالت نے ان سے کبھی طلب ہی نہیں کی۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ ان لوگوں کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے جو عوام کا مینڈیٹ چوری کرانے میں ملوث رہے اگر ایسے ہی لوگوں نے آگے بھی انتخابات کروانے ہیں تو پھر یہ سسٹم کبھی بھی شفاف نہیں ہوسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایاز صادق سے میری کوئی ذاتی رنجش نہیں بلکہ میں تو صرف انتخابات کو صاف اور شفاف بنانے کے لیے پچھلے ڈھائی سال سے یہ لڑائی لڑ رہا ہوں اور جب تک انتخابی دھاندلی میں ملوث لوگوں کو سزائیں نہیں ملیں گے ہمارا الیکشن سسٹم کبھی بھی شفاف نہیں ہوگا۔

چیرمین تحریک انصاف نے قصور واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کبھی بھی طاقتور کو نہیں پکڑا جاتا ہمیشہ مظلوموں پر ہاتھ ڈالا جاتا ہے جب کہ قصور واقعے سے تمام پاکستانیوں کے سر شرم سے جھک گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ (ن) لیگ کی حکومت میں پولیس نے ہمیشہ ظالم کی مدد کی مگر مظلوم کا ساتھ کبھی نہیں دیا جب کہ ہم قصور واقعے کو دبنے نہیں دیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |