ٹینس اسٹاراعصام الحق اورفاہا مخدوم نے علیحدگی کافیصلہ کرلیا

ہم آہنگی نہ ہوسکی،علیحدگی کے کاغذات فاہاکو لندن بھجوادیے،ذرائع، والد کی تردید


ایکسپریس July 16, 2012
لاہور:ٹینس اسٹار اعصام الحق اور فاہا مخدوم کی شادی کے موقع پر لی گئی تصویر (فوٹو ایکسپریس)

ٹینس اسٹار اعصام الحق اور ان کی بیوی فاہا مخدوم نے علیحدگی کا فیصلہ کرلیا ہے، نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اعصام الحق کے خاندانی ذرائع نے بتایا ہے کہ اعصام الحق اور ان کی اہلیہ فاہا کے درمیان شادی کے بعد ہم آہنگی نہیں ہوسکی، ذرائع کے مطابق اعصام نے علیحدگی کے کاغذات پر دستخط کر کے فاہا کو لندن بھجوادیے ہیں، دونوں خاندانوں کے بزرگ علیحدگی کی وجوہات بتانے سے گریزاں ہیں ،

اعصام الحق اور ان کی برطانوی شہریت رکھنے والی بیوی فاہا مخدوم کی شادی گزشتہ سال17 دسمبر کو لاہور میں ہوئی تھی، دریں اثنا اعصام الحق کے والد احتشام الحق نے ان تمام خبروں کی تردید کی ہے، ان کا کہنا تھا کہ اعصام نے فاہا کو طلاق کی دستاویزات نہیں بھیجی ہیں، میڈیا پر چلنے والی خبر غلط ہے، ایک اور ٹی وی رپورٹ کے مطابق اعصام کی بیوی فاہا نے کہا ہے کہ مجھے اعصام الحق نے کبھی بیوی کی طرح نہیں سمجھا، وہ ٹینس میں بہت مصروف ہیں، مجھے وقت نہیں دیتے، اعصام کے والد کی بہت عزت کرتی ہوں، مگر ان کی طلاق نہ ہونے کی بات درست نہیں، ذرائع کے مطابق دونوں خاندانوں کے بزرگ معاملہ حل کروانے کی کوشش کررہے ہیں،

فاہا نے سماجی ویب سائٹ پر پیغام میں کہا ہے کہ دونوں خاندان ہمارے رشتے کو بچانا چاہتے ہیں، اعصام الحق کے والد نے برطانیہ میں ہمارے گھر میں10 روز قیام کیا، ان کا احترام کرتی ہوں مگر اعصام الحق سے علیحدگی کے سوا چارہ نہیں، اعصام سے صلح نہیں ہوسکتی، ان کا میرے ساتھ بیوی جیسا سلوک نہیں۔فاہا نے فیس بک پر سے اعصام کے ساتھ ازدواجی حیثیت سے معلومات ہٹاتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میں اب اعصام الحق کے ساتھ کوئی تعلق نہیں رکھنا چاہتی۔ کیونکہ ہمارے خاندان کسی متفقہ فیصلے پر پہنچنے میں ناکام ہو گئے ہیں، اب کوئی معجزہ ہی ایسا کر سکتا ہے ، جو انتہائی ناممکن ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں