مشینیں بھی توجہ چاہتی ہیں

’کافی کیٹل‘ کی صفائی کے لیےاس میں سفیدسرکہ اور بیکنگ سوڈا ڈال کراچھی طرح سے اُبال کر نکالیں اور پھر کیتلی کو خشک کرلیں


نرگس ارشد رضا August 24, 2015
باورچی خانے میں استعمال ہونے والی اشیا خصوصی صفائی کی متقاضی ہوتی ہیں فوٹو : فائل

باورچی خانے میں استعمال ہونے والی اشیا خصوصی صفائی کی متقاضی ہوتی ہیں۔ خاص طور پر ایسے برقی آلات، جن سے تقریباً روزانہ ہی ہمارا واسطہ پڑتا ہے، مسلسل اور روزانہ استعمال کے باعث یہ میلے ہونے لگتے ہے اور جراثیم کی آماج گاہ بن جاتے ہیں۔ صفائی نہ ہونے سے ان کی کارکردگی علیحدہ خراب ہوتی ہے اور بعض اوقات یہ اسی بنا پر خراب بھی ہو جاتی ہیں۔

کھانے پینے کے تعلق سے ہمارے لیے ان کی صفائی اور بھی زیادہ ضروری ہو جاتی ہے۔ کچن میں موجود ان اشیا کی صفائی کے لیے چند باتیں اہم ہیں، جن کو ذہن نشین رکھنا ضروری ہے۔

٭باورچی خانے میں استعمال ہونے والی یہ اشیا عام طور پلاسٹک، دھات اور شیشہ یا پھر ان تینوں کے اشتراک سے بنی ہوئی ہوتی ہیں، یہ انتہائی مضبوط اور پائے دار ہونے کے باعث طویل عرصے تک کام آتے ہیں، لیکن اگر انہیں غلط طریقے یا غیر مناسب چیزوں کے ساتھ دھویا جائے، تو انہیں نقصان پہنچ سکتا ہے۔

اس لیے ا س بات کا خاص خیال رکھیں کہ برتن دھونے والی صافی، جونا، لوہے کے تار والے مختلف برش اور بھاری بھرکم اسکرب پیڈز سے اپنی ان اشیا یا اس قسم کی کوئی سخت، تیز دھار یا نوک دار چیزکو دور رکھیں۔ ان اشیا کی صفائی ہفتے میں ایک بار اور مہینے میں مکمل تفصیلی صفائی کی جانی چاہیے۔ صفائی آپ کے آلات کی عمر اور کارکردگی کو بڑھا دیتے ہیں۔

برقی آلات کی صفائی سے پہلے اس کی بجلی لازمی منقطع کر دیں، بہت سے گھروں میں یہ آلات استعمال نہ بھی ہو رہے ہوں، تب بھی مستقل بجلی سے جڑے رہتے ہیں، اس لیے صفائی شروع کرنے سے پہلے اچھی طرح تسلی کر لیں کہ اس کے تمام تار بجلی سے نکال دیے گئے ہیں۔

کافی اور مسالحہ پیسنے والا گرینڈر مشین میں چوں کہ کافی کے بہت موٹے بیجوں کو گرینڈ کیا جاتا ہے اور اس کے ساتھ دیگر مسالا جات بھی اس مشین میں سفوف کی صورت میں پیسے جاتے ہیں۔ ایسے میں ان مسالوں کے باریک اجزا مشین کے اطراف میں پھنس جاتے ہیں اور عام طریقے سے ان کی صفائی ممکن نہیں ہو پاتی۔ ساتھ ان مسالوں کی مہک بھی مشین میں بس جاتی ہے۔جو آسانی سے نہیں جا پاتی اس لیے گرینڈر کی صفائی کے لیے خالی گرینڈر میں سفید ڈبل روٹی کے ایک یا دو توس ڈال دیں اور ساتھ ہی اس میں تھوڑ سا بیکنگ پاؤڈر بھی شامل کر کے اس مشین کو چند سکینڈ کے لیے چلائیں، حیرت انگیز طور پر آپ کا گرینڈر ایک دم صاف ہو جائے گا اور اس میں سے ہر قسم کی بو یا باس بھی ختم ہو جائے گی۔ اس کے علاوہ اگر ڈبل روٹی میسر نہ ہو، تب اس میں سفید خشک چاول ڈال کر تھوڑی دیر کے لیے گرینڈر کو چلا لیں، پھر صفائی کا کمال آپ کو خود حیران کر دے گا۔

بلینڈر اور فوڈ پروسیسرکی صفائی کے لیے بھی نہایت آسان ٹوٹکے ہیں، چوں کہ ان کے بلیڈز کی دھار بہت تیز ہوتی ہے، اس لیے کام ختم ہوتے ہی ان کی فوراً صفائی کر دینا ضروری ہے، تاکہ اس کے بلیڈز خراب نہ ہوں۔ ان مشینوں کی صفائی کے لیے استعمال کے فوراً بعد کوئی بہترین ڈش ڈٹرجنٹ شامل کر کے اس کے آدھے حصہ تک پانی بھر لیں اور دس منٹ کے لیے ایسے ہی چھوڑ دیں، مقررہ وقت کے بعد اسے صاف پانی سے دھو کر کسی صاف موٹے کپڑے یا تولیے سے اچھی طرح خشک کر لیں، بلیڈز کو پونچھتے ہوئے انتہائی احتیاط برتیں۔

مائیکرو ویوو اوون کی اگر مناسب صفائی نہ کی جائے، تو اس میں کھانے کے ذرات جمع ہو کر اس میں کائی اور پھپھوندی کا سبب بنتے ہیں۔ اس کی صفائی کے لیے ایک پیالے میں پانی اور لیموں شامل کر کے اسے مائیکرو ویو میں رکھ کر کچھ دیر کے لیے چلالیں۔ پانچ منٹ بعد اسے بند کر کے دستانے پہن کر باہر نکال لیں۔ اس پانی کی بھاپ سے مائیکرو ویو کے اندرونی حصے کی ہر طرح سے بہترین صفائی ہو جائے گی۔

آپ اس لیموں ملے پانی کے ٹھنڈا ہونے کے بعد ایک اسفنج کی مدد سے بھی اوون کے اندورنی حصوں اور اس کی پلیٹ وغیرہ کی صفائی بھی کی جا سکتی ہے۔ بھاپ سے مائیکروویو کے اندر جمنے والی گریس اور چکنائی بھی صاف ہو جاتی ہے اور اس میں سے ایک اچھی مہک آتی ہے۔

ٹوسٹر ہر گھر میں کم و بیش روزانہ استعمال ہونے والا آلہ ہے۔ اس کی پیلٹ اور گلاس والا حصہ جو آسانی سے الگ ہو سکتا ہے، اسے گرم پانی میں ایک چمچا ڈٹرجنٹ شامل کر کے ایک گھنٹے کے لیے بھگو دیں۔ ساتھ تھوڑا سا بیکنگ پاؤڈر بھی شامل کر دیں۔ اس سے چکنائی ختم ہو گی اور آپ کا ٹوسٹر چمک اٹھے گا۔

'کافی کیٹل' کی صفائی کے لیے اس میں سفید سرکہ اور بیکنگ سوڈا ڈال کر اچھی طرح سے اُبال کر نکالیں اور اس کے بعد صاف پانی سے دھو کر خشک کر لیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں