اسکول وینز کے کرایے بڑھانے پر کارروائی ہوگی محکمہ ٹرانسپورٹ

بچوں کے تحفظ کیلیے اسکول وینز سے سی این جی اور ایل پی جی سلنڈر ہرحال میں ہٹائے جائیں گے، محکمہ ٹرانسپورٹ


Staff Reporter August 24, 2015
ٹرانسپورٹرز مزید مہلت چاہتے ہیں تو رابطہ کریں تاہم سی این جی و ایل پی جی سلنڈر پر پابندی کا فیصلہ برقرار رہے گا، سیکریٹری ٹرانسپورٹ ۔ فوٹو؛ فائل

KARACHI: اسکول وینز ڈائیورز کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے زبردستی گاڑیوں کو پٹرول اور ڈیزل پر منتقل کرایا تو کرایہ 40 فیصد تک بڑھانے پر مجبور ہوجائیں گے جس کا بوجھ طلبا کے والدین پر پڑے گا، محکمہ ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ اسکول وین مالکان نے کرایے بڑھائے تو قانون کے مطابق ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔

بچوں کی جانوں کے تحفظ کے لیے اسکول وینز سے سی این جی اور ایل پی جی سلنڈر ہرحال میں ہٹائے جائیں گے،تفصیلات کے مطابق ٹریفک پولیس کی سفارشات پر محکمہ ٹرانسپورٹ نے تعلیمی اداروں میں چلنے والی گاڑیوں میں سی این جی اور ایل پی جی سلنڈر لگانے پر پابندی عائد کردی ہے۔
اسکول وینز پر پیلا رنگ کرنے اورکنڈیکٹر رکھنا لازمی قراردیا گیا ہے، ٹریفک پولیس نے وینز مالکان کو سی این جی و ایل پی جی سلنڈر ہٹانے کے لیے4 ستمبر تک مہلت دی ہے، تاہم اسکول وین مالکان کا کہنا ہے صوبائی حکومت کی دیگر شرائط پوری کی جاسکتی ہیں لیکن سی این جی پر پابندی قبول نہیں،اس وقت اسکولوں،کالجوں اورجامعات میں 35 ہزار چھوٹی بڑی گاڑیاں چل رہی ہیں جن سے لاکھوں افراد کا روزگار وابستہ ہے۔

گاڑیوں میں سی این جی 15سال قبل حکومتی پالیسی کے تحت نصب کی گئی اب صوبائی حکومت نے سی این جی اور ایل پی جی سلنڈرز پر پابندی عائد کردی ہے تعلیمی اداروں میں چلنے والی 70فیصد گاڑیاں سی این جی پر چلتی ہیں ٹرانسپورٹرز نے گاڑیوں میں ڈیلرز سے معیاری سی این جی کٹ اور سلنڈر نصب کرائے ہیں حکومت سی این جی سلنڈرز کے معیاری ہونے پرگاڑیوں کی جانچ کرلے جو گاڑیاں غیر معیاری سلنڈرز استعمال کررہی ہیں انھیں ضبط کرلیا جائے ۔

تاہم سی این جی پر پابندی عائد کرکے وین مالکان کو نقصان نہ پہنچایا جائے اگر ٹرانسپورٹرز اپنی گاڑیاں سی این جی سے پٹرول یا ڈیزل پر منتقل کرتے ہیں تو یومیہ 800 روپے کا نقصان ہوگا اگر حکومت نے مجبور کیا تو کرایوں میں40 فیصد اضافہ کرنے میں مجبور ہوں گے، محکمہ ٹرانسپورٹ کے افسران کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں میں چلنے والی گاڑیاں نہ صرف سی این جی کے غیر معیاری سلنڈرز استعمال کررہے ہیں بلکہ ان گاڑیوں میں دہرے نظام کے طور پر ایل پی جی بھی استعمال کی جارہی ہے بیشتر گاڑیوں میں لگے سی این جی سلنڈر عمر پوری کرچکے ہیں وینز مالکان طلبا کے والدین سے ڈیزل اور پٹرول کی قیمت پر کرایہ لیتے ہیں۔

پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے بعد اسکول وینز کے کرایوں میں15تا 20 فیصد کمی کا دوبار نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تاہم ٹرانسپورٹر نے اس پر عمل نہیں کیا، بیشتر مالکان نے وینز کے کرایوں میں اضافہ کردیا اس معاملے پر تعلیمی ادارے وینز مالکان کی حمایت کرتے ہیں۔

وینز مالکان تعطیلات کے دوران بچوں سے ایڈوانس کرایہ وصول کرلیتے ہیں، سیکریٹری ٹرانسپورٹ طحٰہ فاروقی نے کہا ہے کہ اسکول وینز مالکان نے اگر کرایوں میں اضافہ کیا تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی، ٹریفک پولیس نے انھیں 4 ستمبر تک مہلت دی ہے، ٹرانسپورٹرز مزید مہلت چاہتے ہیں تو رابطہ کریں تاہم سی این جی و ایل پی جی سلنڈر پر پابندی کا فیصلہ برقرار رہے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں