ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 100میٹر ریس میں یوسین بولٹ نے میدان مار لیا

ڈبل اولمپک گولڈ میڈلسٹ اور ورلڈ ریکارڈ ہولڈر یوسین بولٹ نے9.79 سیکنڈز کی پرفارمنس پیش کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کیا


AFP August 24, 2015
ڈبل اولمپک گولڈ میڈلسٹ اور ورلڈ ریکارڈ ہولڈر یوسین بولٹ نے9.79 سیکنڈز کی پرفارمنس پیش کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔ فوٹو : اےا یف پی

جمیکن اسپرنٹر یوسین بولٹ نے ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں 100 میٹر ریس کا میدان مارلیا، انھوں نے اعزاز کا دفاع کرتے ہوئے امریکن حریف جسٹن گیٹلن کے خواب چکناچور کردیے۔

وہ مسلسل دوسری مرتبہ ورلڈ ایونٹ میں بولٹ سے آگے نکلنے میں ناکام رہے، اولمپک چیمپئن برطانیہ کی جیسیکا اینس ہل نے کھیل میں کامیاب واپسی کرتے ہوئے دوسرا ورلڈ ہیپاتھلون ٹائٹل جیت لیا، ان کی ہموطن کیٹرینا جونسن تھامپسن نے دوسری پوزیشن پائی،پولینڈ کے پاویل فیجڈیک نے مینز ہیمر تھرو میں ٹائٹل پر قبضہ برقرار رکھا۔تفصیلات کے مطابق ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں اتوار کو منعقدہ 100 میٹر ریس کے فائنل میں جمیکن اسٹار یوسین بولٹ نے میدان مارلیا، انھوں نے اعزاز کا دفاع کرتے ہوئے امریکن حریف جسٹن گیٹلن کے خواب چکنا چورکردیے۔

وہ اس سے قبل ماسکو میں منعقدہ 2013 کے ایڈیشن میں بھی بولٹ کے بعد دوسرے نمبرپر رہے تھے، ڈبل اولمپک گولڈ میڈلسٹ اور ورلڈ ریکارڈ ہولڈر یوسین بولٹ نے9.79 سیکنڈز کی پرفارمنس پیش کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کیا، دو ڈوپنگ پابندی کے بعد کھیل میں واپس آنے والے ان کے حریف امریکی رنر جسٹن گیٹلن نے 9.80 سیکنڈز کی پرفارمنس پیش کرتے ہوئے سلورمیڈل پرحق جتادیا، ایک اور امریکی ایتھلیٹ ٹریوون برومیل اور کینیڈا کے آندرے ڈی گریسی نے تیسری پوزیشن کے ساتھ برانز میڈلز پائے۔

دونوں کا ٹائم یکساں طور پر 9.92 سیکنڈز رہا، برڈز نیسٹ اسٹیڈیم میں ایتھلیٹ کو متعارف کراتے وقت گیٹلن کی آمد پر شائقین نے ان کا زبردست استقبال کیا، بولٹ لائن نمبر5 جبکہ گیٹلن لائن نمبر7 میں رہے، ٹریک میں مجموعی طور پر 9 لائنیں تھیں، طویل قامت جمیکن ایتھلیٹ بولٹ نے جمعے کو اپنی 29 ویں سالگرہ منائی تھی۔دوسری جانب اولمپک چیمپئن برطانیہ کی جیسیکا اینس ہل نے کھیل میں کامیاب واپسی کرتے ہوئے دوسرا ورلڈ ہیپاتھلون ٹائٹل جیت لیا، ان کی ہموطن کیٹرینا جونسن تھامپسن نے دوسری پوزیشن پائی، اینس ہل نے گذشتہ برس اپنے بچے کی ولادت کے بعد کھیل سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی، اس کے علاوہ انھیں انجری مسائل بھی درپیش تھے۔

لیکن وہ بیجنگ ایونٹ میں ایک مرتبہ پھر چیمپئن بنکر سامنے آگئیں، ان کی ہموطن جونسن تھامپسن لانگ جمپ میں ہدف تک پہنچنے میں ناکام رہیں، پولینڈ کے پاویل فیجڈیک نے مینز ہیمر تھرو میں ٹائٹل پر قبضہ برقرار رکھا، دفاعی چیمپئن نے اس مرتبہ 80.88 میٹر کی دوری پرگولہ پھینک کر سونے کا تمغہ اپنے نام کرلیا، تاجکستان کے دلشود نیزاروف نے سلور میڈل پایا، انھوں نے 78.55 میٹر کی دوری پر گولے کو پہنچایا، پولینڈ کے دوسرے ایتھلیٹ ووجیک نوویسکی نے برانز میڈل پر اکتفا کیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں