کک کو انگلش ٹیم کا مستقبل روشن دکھائی دینے لگا

نوجوان پلیئرز پر مشتمل ٹیم ایشز فتح کے بعد بہتر سے بہتر ہوتی چلی جائیگی، انگلش کپتان


AFP August 24, 2015
نوجوان پلیئرز پر مشتمل ٹیم ایشز فتح کے بعد بہتر سے بہتر ہوتی چلی جائیگی، انگلش کپتان۔ فوٹو : اے ایف پی

انگلینڈ کے کپتان الیسٹرکک کو آخری ایشز ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں اننگز سے شکست کے باوجود اپنی ٹیم کا مستقل روشن دکھائی دینے لگا، وہ سمجھتے ہیں کہ نوجوان ٹیم ایشز فتح کے بعد بہتر سے بہتر ہوتی چلی جائے گی۔

انگلینڈ نے آسٹریلیا کو پانچ ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 3-2 سے شکست دی۔ اگرچہ آخری ٹیسٹ میں میزبان سائیڈ نے بہت زیادہ مایوس کیا مگر پہلے ہی تاریخی ٹرافی پر قبضہ کرنے کی وجہ سے وہ پھر بھی فائدے میں ہی ٹھہری۔ اب انگلش ٹیم کو دو مشکل ترین ٹیسٹ ٹورز درپیش ہیں، اس نے پہلے متحدہ عرب امارات میں پاکستان کا سامنا کرنا ہے اور پھر جنوبی افریقہ سے دودو ہاتھ کرنا ہیں۔

الیسٹر کک کہتے ہیں کہ میں مستقبل کے حوالے سے کافی پرجوش ہوں، ہمارے لیے کچھ دلچسپ مگر مشکل وقت آنے والا ہے، اگر آپ مجھ سے یہ پوچھتے ہیں کہ ہم اپنے کھیل کے عروج پر پہنچ چکے ہیں تو میرا جواب نہیں میں ہوگا، ہم ابھی تک اس کے قریب بھی نہیں پہنچے مگر ہمارے پاس ایک بہترین اور پرجوش ٹیم موجود ہیں اور میںاس بات پر یقین رکھتا ہوں کہ ہم حقیقت میں اچھے وقت کے قریب پہنچنے والے ہیں۔

کک نے کہا کہ گذشتہ چار روز ہمارے پلان کے بالکل برعکس رہے اور ہمیں ان پر شدید مایوسی بھی ہوئی لیکن آپ کو یہ حقیقت بھی مدنظررکھنا چاہیے کہ سیریز سے قبل کوئی بھی ہمیں فیورٹ قرار نہیں دے رہا تھا لیکن ہم نے ان کوغلط ثابت کرتے ہوئے اپنے اس موسم گرما کو خاص بنایا۔ دوسری جانب ریٹائر ہونے والے آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک کاکہناتھاکہ آخری ٹیسٹ کے بعد میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ اس کا اختتام اس سے بہتر ہوسکتا تھا، یہ پرفارمنس دراصل اس ٹور کے دوران کی جانے والی ہماری محنت کا صلہ ہے۔

جہاں تک بات سیریز ہارنے کی ہے میں نہیں سمجھتا کہ اس کے لئے افسوس بہتر لفظ ہے ، اس کے بجائے مایوسی کا لفظ استعمال کرسکتے ہیں، سیریز ہارنے کے باوجود ہمارے کھلاڑیوں نے زبردست کم بیک کیا اوریہاں اوول میں بہترین کرکٹ کھیلی، میں کافی خوش قسمت ہوں کہ میں ایک انتہائی تجربہ کاراورعظیم آسٹریلوی ٹیم میں آیا اور اپنے وقت کے اسٹارز سے رہنمائی حاصل کی، آسٹریلیا کاکپتان ہونا میرے لئے ایک بہتر بڑا اعزاز ہے اور مجھے یقین ہے کہ اسٹیون اسمتھ بھی بہترین کپتان ثابت ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں