دور دراز علاقوں سے بھی دہشت گردوں کا خاتمہ کیا جائے گا سربراہ پاک فوج

پاک فضائیہ کے سربراہ نے بھی دہشت گردوں کے خلاف مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی

آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ فوٹو: آئی این پی

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ دور دراز علاقوں سے بھی دہشت گردوں کا خاتمہ کیا جائے گا۔



پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے راولپنڈی میں جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات بھی کی۔ مسلح افواج کے سربراہوں کے درمیان شوال اور شمال وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔



اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو کہیں بھی جائے پناہ نہیں ملے گی وہ جہاں چھپیں گے وہاں ان کے خلاف کارروائی ہوگی اور دور دراز علاقوں سے بھی دہشت گردوں کا خاتمہ کیا جائے گا جب کہ پاک فضائیہ کے سربراہ نے بھی دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔




دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کراچی پہنچ گئے ہیں جہاں وہ آج کور ہیڈ کوارٹرز کراچی کا دورہ کریں گے جب کہ اس موقع پر وہ فوجی جوانوں اور افسران سے بھی خطاب کریں گے۔



ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو دورہ کراچی میں شہر کی سیکیورٹی صورتحال پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔

https://www.dailymotion.com/video/x32wddu_raheel-sharif-suhail-aman_news
Load Next Story