پیپلز پارٹی رہنما قاسم ضیا کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی درخواست مسترد جیل بھجوادیا گیا

نیب نے بندہ پہلے پکڑ لیا اور تحقیقات اب کر رہے ہیں، عدالت کے ریمارکس

قاسم ضیا پر لوگوں سے کروڑوں روپے کے فراڈ کا الزام ہے فوٹو: فائل

لاہور:
احتساب عدالت نے کرپشن کے الزام میں گرفتار پیپلز پارٹی کے رہنما قاسم ضیا کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں جیل بھجوا دیا۔

لاہور میں پیپلز پارٹی کے رہنما قاسم ضیا کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا تو اس موقع پر سید خورشید شاہ سمیت پیپلزپارٹی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ سماعت کے دوران نیب کے تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ قاسم ضیاء کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی جائے تاکہ حقائق تک پہنچا جاسکے۔ جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ آپ نے بندہ پہلے پکڑ لیا اور انکوائری اب کررہے ہیں۔ 2006 سے اب تک کیا نیب سویا ہوا تھا۔ جس پر نیب کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ نیب کے پاس یہ کیس 2015 میں آیا ہے۔ قاسم ضیا کے اکاؤنٹ میں 11 کروڑ سے زائد رقم منتقل ہوئی ہے۔


فریقین کے دلائل سننے کے بعد احتساب عدالت نے قاسم ضیا کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کرکے انہیں 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

واضح رہے کہ قاسم ضیا پر لوگوں سے کروڑوں روپے کے فراڈ کا الزام ہے۔
Load Next Story