5سال میں مختلف موضوعات پر فلموں کی کامیاب نمائش فلم انڈسٹری نے خود کو سنبھال لیا

مزاح، رومانیت، ڈرامہ اور ایکشن سے بھرپور فلمیں بھی پیش کی گئیں مگر سنجیدہ موضوعات والی فلموں نے مداحوں میں گھر کر لیا

15 سالہ اعتزاز احسن کی قربانی اور خراج تحسین پر مبنی فلم’’سیلوٹ‘‘ بھی رواں سال کے اختتام میں پیش کی جائے گی۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD:
رواں سال پاکستانی فلمیں پوری آب و تاب سے یکے بعد دیگرے ریلیز ہورہی ہیں جس میں سب سے نمایاں سنجیدہ، سبق آموزاوربڑی شخصیات کی سوانح حیات پر مبنی موضوعات پر بننے والی فلمیں شامل ہیں، اس دوران مزاح، رومانیت، ڈرامہ اور ایکشن سے بھرپور فلمیں بھی پیش کی گئیں مگر سنجیدہ موضوعات والی فلموں نے مداحوں میں گھر کر لیا۔

گزشتہ پانچ سال سے پاکستانی فلمی صنعت کے احیاء کے عمل میں تیزی آرہی ہے لیکن اب اگر یہ کہا جائے کہ پاکستانی فلمی صنعت کا احیاء ہوچکا ہے تو کچھ غلط نہ ہوگا۔ جس کی بنیادی وجہ مختلف موضوعات و اقسام کی بننے والی فلمیں ہیں، رواں ماہ 28 آگست کو نشہ کرنے والے نوجوانوں پر مبنی فلم''سوارنگی'' ملک بھر کے سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔

فلم کی کاسٹ میں ریشم، ایوب کھوسو،حمزہ مشتاق،نوید اکبر،وسیم منظور شامل ہیں جب کہ اس کی ہدایت کاری فدا حسین نے سر انجام دی ہے۔ اسی حوالے سے ریشم کا کہنا ہے کہ انھیں بہت خوشی ہو رہی کہ ایسے وقت پر ان کی فلم آرہی ہے جب پاکستانی فلم انڈسٹری بہتری کی جانب گامزن ہے' 9 سال بعد وہ اپنی آنے والی فلم پر بہت زیادہ پرجوش ہیں۔ اگرچہ اس ٹیم کی یہ پہلی فلم ہے مگر انھوں نے روایتی طریقوں سے ہٹ کر فلم کو شوٹ کیا ہے۔


جس کی کامیابی کے لیے پرامید ہیں۔ ممکن طور پر11ستمبر کو پاکستان کے معروف افسانہ نگارسعادت حسن منٹو کی سوانح عمری پر مبنی فلم''میں منٹو'' ریلیز ہوگی، جس کی کاسٹ میں منٹو کا کردار سرمد کھوسٹ نے ادا کیا ہے جب کہ دیگر کاسٹ میں پاکستانی فلم و ڈرامہ انڈسٹری کے تقریباً تمام نامور اداکار ثانیہ سعید، ماہرہ خان، ہمایوں سعید، فیصل قریشی، صبا قمرشامل ہیں۔ اردو کے معروف شاعر میر تقی میر کی سوانح عمری اور غزلیات پر مبنی فلم''ماہ میر'' نومبر میں ریلیز کی جائے گی، جس میں فہد مصطفی، ایمان علی و دیگر شامل ہیں۔

صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر ہنگو میں اسکول پر خودکش حملہ کو روکنے والے 15 سالہ اعتزاز احسن کی قربانی اور خراج تحسین پر مبنی فلم''سیلوٹ'' بھی رواں سال کے اختتام میں پیش کی جائے گی جس کی ہدایات نامور ڈائریکٹر شہزاد رفیق نے سر انجام دی ہیں۔ جب کہ سوات میں ہونے والے آپریشن اور وہاں کے لوگوں کے حالات پر مبنی فلم''ریوینج آف دی ورتھ لیس'' دسمبر میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

یاد رہے کہ رواں سال پاکستانی فلم انڈسٹری میں پہلی اینی میٹڈ فلم ''3 بہادر'' کا بھی اضافہ ہوا اور پاکستان کے گمنام باکسر ہیروحسین شاہ کی سوانح عمری پر ''شاہ'' فلم جب کہ پاکستان ریلوے کی خستہ حالی اور ایگزیکٹ اسکینڈل پر مبنی فلم''مور''بھی پیش کی گئی۔ اس کے علاوہ مزاح، رومانیت، ڈرامہ اور ایکشن سے بھرپور فلمیں بھی پیش کی گئیں لیکن وہ سنجیدہ موضوعات پر مبنی فلموں پر سبقت لینے میں کامیاب نہ ہوسکیں۔
Load Next Story