کراچی فائرنگ سے ایف سی پولیس اہلکاروں اور پی پی کارکنوں سمیت 12ہلاک

ایف سی کی چوکی پرتعینات اہلکارقصبہ کالونی،احسن آبادمیں ہیڈکانسٹیبل اوررضاکارسپاہی،ناظم آبادمیں پولیس کامخبر ماراگیا


Staff Reporter October 19, 2012
پیپلزپارٹی کاایک کارکن اورنگی،دوسرااسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق،منگھوپیر، کیماڑی و شاہ فیصل میں بھی ہلاکتیں۔ فوٹو: فائل

شہرمیں فائرنگ کے واقعات میں فرنٹیئرکانسٹیبلری،پولیس کے اہلکاروں اور پیپلزپارٹی کے 2 کارکنوں سمیت12افرادہلاک ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق ناظم آباداردوبازارنواب صدیق علی خان روڈپرکار سوار 35سالہ محمدارشدکوموٹر سائیکل سوارملزمان نے فائرنگ کر ہلاک کردیا،مقتول پاک کالونی کارہائشی اورعلاقے کی انجمن فلاح بہبودکارکن تھا،مقتول پولیس کامخبر تھااورمختلف انویسٹی گیشن یونٹس کے ساتھ کام بھی کرتاتھا،مقتول کے موبائل فون پرڈی ایس پی ایف بی صنعتی ایریاخالدٹیپوکی بھی کال آرہی تھی ۔

قصبہ کالونی پراچہ اسپتال کے سامنے چائے کے ہوٹل پرموٹرسائیکل سوارملزمان کی فائرنگ سے فرنٹیئر کانسٹیبلری کااہلکار35سالہ عبدالمالک اور30نذرگل ہلاک ہوگیا۔مقتول اہلکارکٹی پہاڑی پرقائم فرنٹیئرکانسٹیبلری کی چوکی پرتعینات تھااور طبعیت خراب ہونے کی وجہ سے قصبہ کالونی میں دوا لینے گیا تھااور واپسی پر چائے پینے کے لیے ہوٹل پربیٹھا تھا،مقتول کاآبائی تعلق خیبر ایجنسی سے تھا۔مقتول نذر گل قصبہ کالونی کارہائشی تھا۔احسن آبادپولیس چوکی کے ہیڈکانسٹیبل45سالہ علی حسن اورپولیس قومی رضا کارکاسپاہی40سالہ اکمل کونامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیااورفرارہوگئے۔

اورنگی ٹاؤن عوامی چوک کے قریب موٹرسائیکل سوارملزمان کی فائرنگ سے25سالہ ذیشان ہلاک جبکہ اس کا کزن 22سالہ یوسف زخمی ہوگیا،ہلاک و زخمیوںکو عباسی شہید اسپتال پہنچایا،مقتول پاکستان پیپلز پارٹی PS-94 کا کارکن تھا جسے ملزمان نے گھر سے بلا کر فائرنگ کر کے ہلاک کیا۔منگھوپیر کے علاقے پختون آباد سمنٹ چادر بنانیوالی فیکٹری کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے 45 سالہ سخاوت عرف دودھ والا ہلاک ہوگیا،مقتول دودھ کی سپلائی کا کام کرتا تھا اور سائٹ کے علاقے میٹروول کا رہائشی تھا،کیماڑی کے علاقے فش ہاربرکے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے35سالہ عبدالکریم ہلاک ہوگیا۔

شاہ فیصل کالونی کے علاقے 3 نمبر بندھ کے قریب سے 30 سالہ انورالحق کی لاش ملی جو پراسرار طورپرہلاک ہوگیا۔سرجانی ٹاؤن کے علاقے سیکٹر7-Bمیں گزشتہ ماہ6ستمبرکوفائرنگ سے زخمی ہونے والے اویس نے دوران علاج زخموںکی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑدیا۔مقتول کا تعلق پیپلز پارٹی سے تھا۔کورنگی انڈسٹریل کے علاقے سیکٹر 8/F گلزار کالونی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے28 سالہ ولی خان سینے میں گولیاں لگنے سے ہلاک ہو گیا مقتول کی لاش جناح اسپتال پہنچائی گئی` پولیس کے مطابق مقتول کورنگی بلال کالونی کا رہائشی اور عوامی نیشنل پارٹی کا کارکن تھا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں