آرمی چیف نے کراچی میں فوجی عدالتوں کی تعداد میں اضافے کی منظوری دے دی
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیرصدارت کور ہیڈکوارٹر میں کراچی کی سیکیورٹی صورتحال پر اجلاس ہوا جس میں ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر، چیف سیکرٹری سندھ، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم باجوہ، آئی جی سندھ ، کمشنرکراچی اور انٹیلی جنس ایجنسیزکےنمائندوں نے بھی شرکت کی۔
ترجمان پاک فوج نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپراجلاس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو اجلاس کے دوران کراچی کی سیکیورٹی صورتحال پربریفنگ دی گئی جب کہ اس موقع پر پاک فوج کے سربراہ نے کراچی میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ دہشتگردوں، جرائم پیشہ اورمافیاز کے خلاف بلاتفریق آپریشن جاری رکھا جائے۔ آرمی چیف نے دہشتگردوں، جرائم پیشہ مافیاز، تشدد اور کرپشن کرنے والوں کے درمیان گٹھ جوڑ کے خاتمے اور شہر قائد کو خوف سے پاک اور پرامن شہر یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے شہر میں امن وامان سے متعلق اقدامات پر انٹیلی جنس اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہر میں امن وامان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کراچی میں تقریب سے جوانوں اور افسران سے خطاب بھی کیا جب کہ انہوں نے یادگارہ شہدا پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی بھی کی۔ تقریب کے دوران سربراہ پاک فوج نے لیفٹیننٹ جنرل ضمیر کو کرنل کمانڈر ایئر ڈیفنس کے بیجز بھی لگائے۔
دوسری جانب آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی جانب سے کراچی پولیس کی صلاحیت بڑھانے اور ٹریننگ کے لیے ساڑھے 6 کروڑ روپے دیئے جائیں گے جب کہ سندھ پولیس کو 500 بلٹ پروف جیکٹس، ائن ایم ایم، جی تھری اور ایس ایم جی اور ہیلمٹس بھی فراہم کیے جائیں گے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق سامان فراہم کرنے کی تقریب آج کورہیڈ کوارٹر میں ہوگی جس میں تمام سامان آئی جی سندھ کے حوالے کیا جائے گا۔
https://www.dailymotion.com/video/x33176a_gen-raheel-shareef_news