چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کاساتھ دیا نواز شریف

چین ہمیشہ پاکستان کا مضبوط دوست رہے گا، لی چنگ چن کی یقین دہانی


APP/Numainda Express October 19, 2012
تمام شعبوں میں تعاون مزید بڑھانا ہوگا، چینی وفد سے گفتگو، طارق عظیم کی بھی ملاقات۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف سے چین کی کمیونسٹ پارٹی کے اعلیٰ سطح کے وفد نے لی چنگ چن کی قیادت میں رائیونڈ جاتی عمرہ میں ملاقات کی۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، خواجہ آصف، مریم نواز اور سینیٹر پرویز رشید بھی موجود تھے۔ ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین دیرینہ دوست ہیں اور ہر مشکل وقت میں چین نے پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ دونوں لیڈروں نے پاک چین تعلقات، خصوصاً بجلی اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کے حوالے سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ چین ان شعبوں میںتعاون سے پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

نواز شریف نے چین کی پاکستان کے لیے دہائیوں پر محیط حمایت کی تعریف کرتے ہوئے تمام شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انھوں نے کہا کہ یہ باہمی تعاون دونوں ممالک کے مفاد کے لیے ضروری ہونے کے ساتھ ساتھ خطے میں امن اور سلامتی کے لیے بھی نا گزیر ہے۔ نواز شریف کی طرف سے اپنے اعزاز میں ظہرانے کا شکریہ اداکرتے ہوئے چینی لیڈر نے کہا کہ چین نواز شریف کو ایک قریبی اور مخلص دوست تصور کرتا ہے۔

انھوں نے نواز شریف کو یقین دلایا کہ چین ہمیشہ پاکستان کا مضبوط دوست رہے گا۔ علاوہ ازیں نواز شریف سے پارٹی کے سینئر رہنما طارق عظیم نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں نواز شریف نے طارق عظیم کو ہدایت کی کہ سوشل میڈیا میں ن لیگ کے امیج کو مزید بہتر بنانے اور پارٹی پالیسیاں اجاگر کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں اور پارٹی کے یوتھ ونگ کو بھی اس سارے پروگرام میں شامل کیا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں