پاکستان میں باکسنگ کا بے پناہ ٹیلنٹ ہے عامر خان

سہولتیں دینی چاہئیں، ملک میں اکیڈمیز بناؤں گا،کراچی ایک پُرامن شہر ہے


Sports Reporter August 26, 2015
کراچی:پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان گالف کلب میں پریس کانفرنس کررہے ہیں ۔ فوٹو : آن لائن

ممتازپاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے،اگر نوجوانوں کو مناسب سہولیات میسر آجائیں تو وہ فتوحات کے جھنڈے گاڑھ سکتے ہیں، کراچی،لاہور راولپنڈی اورپشاورسمیت ملک کے مختلف شہروں میں باکسنگ اکیڈمیزقائم کرکے ینگسٹرزکوتربیت کے مواقع فراہم کرنا چاہتا ہوں،کراچی ایک پُرامن شہر ہے۔

عامر خان نے ان خیالات کا اظہار میڈیا بریفنگ میں کیا، اس موقع پر ان کے والد سجاد خان ، وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے کھیل فیاض خان بھرٹ، معروف صنعتکار عقیل کریم ، سابق قومی ہاکی کپتان اولمپئن اصلاح الدین ، اولمپئن سمیع اللہ خان و دیگر بھی موجود تھے، قبل ازیں عامرخان نے گردوں کے اسپتال کا دورہ کیا اور معروف سماجی شخصیت مولانا عبدالستار ایدھی کی عیادت کی، عامر خان نے کہا کہ لاہور، راولپنڈی اور کے پی کے علاوہ کراچی میں بھی باکسنگ اکیڈمی قائم کرنا چاہتا ہوں، غیرملکی کوچز کو بھی پاکستان بلاکرباکسرز کی تربیت کروں گا، کراچی نے ماضی میں متعدد بڑے باکسرز پیدا کیے۔

پاکستان میں ٹیلنٹ موجود مگر سہولیت میسر نہیں، مناسب تربیت اور فنڈنگ سے لاتعداد چیمپئنز تیارکیے جاسکتے ہیں، اس کے لیے سخت محنت کے ساتھ عزم اور جذبے کا ہونا ضروری ہے، یہی وجہ ہے کہ آج امریکا، روس اور کیوبا کی اس کھیل میں حکمرانی ہے، عامر خان نے کہا کہ میں انگلینڈ میں رہتا ہوں لیکن میرا دل پاکستان میں دھڑکتا ہے، کراچی ایک پُر امن شہر ہے، میں یہاں کی سڑکوں پر آزادانہ طور پرگھوم پھررہا ہوں، یہاں کے باسی بہت محبت کرنے والے ہیں، پہلے بھی کئی دوست تھے، مزید کچھ دوست بنالیے، کھیلوں کو فروغ دے کر نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے بچایا جاسکتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ مولانا عبدالستار ایدھی ایک عظیم انسان ہیں، قوم ان کی صحتیابی کے لیے دعا کرے، اکیڈیمی کے قیام کیلیے وزیر اعلیٰ سندھ سے بھی ملوں گا، اسی سال کے آخر میں دوبارہ پاکستان آکر اپنے نام سے فاؤنڈیشن اورٹرسٹ قائم کرنے کا ارادہ ہے،اپنے پروفیشنل کیرئیرکے حوالے سے انھوں نے کہاکہ رواں سال نومبر یادسمبرکے علاوہ اگلے برس فروری میں فائٹ متوقع ہے۔

اس موقع پروزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے کھیل فیاض خان بھرٹ نے کہاکہ سندھ حکومت عامرخان باکسنگ اکیڈمی کے قیام میں ہر ممکن مدد اور تعاون کرے گی، عقیل کریم ڈھیڈی نے کہاکہ عامرخان کی پاکستان اور پاکستانیوں سے والہانہ محبت قابل فخر ہے، حکومت کو ان کے جذبے کی قدر کرنی چاہیے، سرکاری سرپرستی نہ ملنے پر عامر خان کی باکسنگ اکیڈمیز کے قیام میں بھر پور تعاون کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں