سندھ اورپنجاب کے 20 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان

بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پنجاب کے 12 اور سندھ کے 8 اضلاع میں 31 اکتوبر کو پولنگ ہوگی، الیکشن کمیشن


ویب ڈیسک August 26, 2015
دوسرے مرحلے میں27 اضلاع میں 19 نومبر جب کہ تیسرے مرحلے میں 18 اضلاع میں 3 دسمبرکو پولنگ ہوگی، فوٹو: فائل

چیف الیکشن کمشنر نے پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 20 اضلاع کے لئے الیکشن شیڈول کی منظوری دے دی ہے۔

بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پنجاب کے 12 اورسندھ کے 8 اضلاع میں 31 اکتوبرکو پولنگ ہوگی۔دوسرے مرحلہ میں دونوں صوبوں کے 27 اضلاع میں پولنگ 19 نومبرجب کہ تیسرے مرحلے میں 18 اضلاع میں 3 دسمبرکوپولنگ ہوگی، پہلے مرحلے میں پنجاب کے جن 12 اضلاع میں پولنگ ہوگی ان میں فیصل آباد ،لاہور، قصور، ننکانہ صاحب ، بھکر، اوکاڑہ ، بہاولنگر، گجرات ، چکوال ، پاکپتن ، وہاڑی اور لودھران شامل ہیں جب کہ سندھ میں خیرپور، سکھر، گھوٹکی ، شکار پور، قمبرشہداد کوٹ ، جیکب آباد، لاڑکانہ اورکشمور شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق امیدوار 7 سے 11 ستمبر تک کاغذات نامزدگی جمع کراسکیں گے۔ کاغذات کی جانچ پڑتال 12 سے 17 ستمبر تک ہوگی، امیدوار یکم اکتوبر تک اپنے کاغذات واپس لے سکیں گے جبکہ امیدواروں کی حتمی فہرست 2 اکتوبر کو جاری کی جائے گی اور ان اضلاع میں 31 اکتوبر کو پولنگ ہوگی۔

بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے شیدول کے اعلان کے ساتھ ہی الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق بھی جاری کردیا ہے جس کے تحت ان اضلاع کی انتخابی فہرستیں منجمد اور وہاں کسی قسم کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان نہیں کیا جاسکے گا۔ اس کے ساتھ ان اضلاع میں سرکاری ملازمین کی تقرریوں و تبادلوں پر بھی پابندی ہوگی۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔