پی سی بی نے پہلی پاکستان سپر لیگ قطر میں کرانے کا اعلان کردیا

پاکستان سپر لیگ میں بھارت کے سوا تمام ممالک کے نامور کرکٹرز نے کھیلنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے


ویب ڈیسک August 26, 2015
سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن کی انعامی رقم 10 لاکھ ڈالرز بتائی گئی ہے،فوٹو: فائل

لاہور: پی سی بی نے پہلی پاکستان سپر لیگ آئندہ سال قطر کے دارالحکومت دوحا میں منعقد کروانے کا اعلان کردیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی اور سپر لیگ کی گورننگ کونسل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے قذافی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ٹورنامنٹ آئندہ سال 4 سے 24 فروری تک قطر کے دارالحکومت دوحا میں ہوگا جس میں 5 ٹیمیں حصہ لیں گی اور اس دوران مجموعی طور پر 24 میچ کھیلے جائیں گے۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ میں بھارت کے سوا دیگر تمام ممالک کے نامور کرکٹرز نے کھیلنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے جن میں ویسٹ انڈیز کے 4، جنوبی افریقا اور سری لنکا کے 2، 2 ٹاپ کھلاڑی شامل ہیں جب کہ توقع ہے کہ انگلینڈ ،آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے کھلاڑی بھی ایونٹ میں شریک ہوں گے۔

سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن کی انعامی رقم 10 کروڑ روپے ہے اور اس میں لاہور، کراچی، اسلام آباد ،پشاور اور کوئٹہ کی ٹیمیں شامل ہوں گی جب کہ تمام میچ دوحا کے اسٹیڈیم میں ہی کھیلیں جائیں گے۔ فرنچائز کے مالکان، براڈکاسٹرز اور اسپانسرز کی تفصیلات اگلے 3 ماہ میں طے کی جائیں گی جب کہ قطر کے حکام سے آئندہ 10 روز میں معاہدہ طے کرلیا جائے گا ۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ آئی پی ایل کی طرز پر ٹی ٹوئنٹی لیگ کے انعقاد کے لیے کافی عرصے سے کوشش کررہا ہے لیکن ملک میں سیکیورٹی خدشات اور مختلف وجوہات کے سبب یہ لیگ منعقد نہیں ہو سکی۔ پہلے یہ لیگ متحدہ عرب امارات میں ہونا تھی لیکن مقررہ تاریخ میں وہاں کے اسٹیڈیمز دستیاب نہیں تھے جس کی وجہ سے سپر لیگ کو قطر منتقل کرنا پڑا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |