ٹڈاپ اسکینڈل میں گیلانی اور امین فہیم کیخلاف ناقابل تردید ثبوت

ایف آئی اے کی جانب سے24 مقدمات کے حتمی چالان آج جمع کرائے جائیں گے

سابق وزیراعظم کی تنخواہ کے اکاؤنٹ میں کرپشن کی رقم جمع کرائی جاتی رہی فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
ایف آئی اے نے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی مالی اسکینڈل میں اربوں روپے کی خورد برد کے الزام میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق وفاقی وزیر مخدوم امین فہیم کیخلاف مجموعی طور پر24 مقدمات میںحتمی چالان جمعرات (آج) کو جمع کرانے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں، کرپشن کی رقم وزیراعظم کی تنخواہ کے اکاؤنٹ میں جمع کرائی گئی، سندھ کے اہم ترین عہدے پر تعینات شخصیت کے صاحبزادے کی آڈٹ کمپنی کے2 ڈائریکٹرزبھی ملزمان کی فہرست میں شامل ہوں گے۔

یوسف رضاگیلانی کے معتمد خاص اور سابق سیکریٹری وزیراعظم ہاؤس محمدزبیر سے کی جانے والی تفتیش کی روشنی میں ناقابل تردید شواہدکی موجودگی انتہائی مضبوط کیس تیارکیے گئے ہیں، تفصیلات کے مطابق7 ارب روپے سے زائدمالیت کے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی مالی اسکینڈل میں ایف آئی اے کراچی نے گذشتہ سال اہم کامیابیاں حاصل کی تھیں اورکاغذی کمپنیوں کے نام پر اربوں کی فریٹ سبسڈی حاصل کرنے کے الزام میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور مخدوم امین فہیم کیخلاف درجنوں مقدمات درج کیے تھے۔

تاہم بعد ازاں وفاقی حکومت کی مفاہمتی پالیسی آڑے آگئی اور ایف آئی اے کو تقریباً ایک سال تک بیشتر مقدمات میں حتمی چالان جمع کرنے کی اجازت نہیں دی گئی، تاہم ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ زون شاہد حیات کی جانب سے اس سلسلے میں ایف آئی اے اور وزارت داخلہ کومسلسل یاددہانی کرائے جانے کے نتیجے آخرکارکچھ دن قبل ایف آئی اے کو حتمی چالان جمع کرانے کی اجازت دیدی گئی اور ایف آئی اے کرائم سرکل کے تفتیشی افسران اس سلسلے میں مزید کسی تاخیر کے بغیر یوسف رضا گیلانی کیخلاف 10مقدمات اور مخدوم امین فہیم کیخلاف14 مقدمات میں حتمی چالان جمعرات کو جمع کرانے کی تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیںِ، ذرائع کے مطابق حتمی چالان میں دونوں اہم سیاسی رہنماؤں کیخلاف انتہائی مضبوط شواہد کی بنیاد پر کیسز بنائے گئے ہیں۔


انھوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی تنخواہ کی اکاؤنٹ میں کرپشن کی رقم جمع کرائے جانے کے ناقابل تردید ثبوت حاصل کرلیے گئے ہیں جبکہ سابق ڈپٹی سیکریٹری پرائم منسٹر ہاؤس کی ای میل کے ریکارڈسے نہ صرف ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی بلکہ دیگر اہم قومی اداروں میں کی جانے والی کرپشن کا حساب کتاب بھی حاصل کرلیاگیا ہے۔

جس کی بنیاد پر ایف آئی اے نے دیگر سمتوں میں تحقیقات کا آغاز بھی کردیا ہے، مخدوم امین فہیم کے خلاف بھی نئے شواہدکی بنیاد پر کیسز کے حتمی چالان جمع کرائے جائیں گے، اس کے علاوہ سندھ کی ایک اہم ترین سیاسی شخصیت کے صاحبزادے کی آڈٹ کمپنی کی جانب سے کاغذی کمپنیوں کے بوگس فریٹ سبسڈی کلیمزکی منظوری دیے جانے کی بنیاد پر کمپنی کے 2 ڈائریکٹرزکوبھی حتمی چالان میں ملزم بنایا گیا ہے۔

https://www.dailymotion.com/video/x33aqba_gilani-amin-faheem_news
Load Next Story