پاکستان اور بھارت الزام تراشی کاکھیل بند کریں رحمن ملک

سوشل میڈیاسے آلودگی پھیل رہی ہے،میڈیا میرامذاق اڑانا بند کرے ورنہ عدالت جائونگا


ایکسپریس July 16, 2012
سوشل میڈیاسے آلودگی پھیل رہی ہے،میڈیا میرامذاق اڑانا بند کرے ورنہ عدالت جائونگا / فوٹو ایکسپریس

مشیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت ایک دوسرے پر الزام تراشی کا کھیل ختم کریں، بھارت کے5 بم دھماکوں میں وہیں کے انتہاپسند ملوث تھے، میڈیا کو ایک حد کے اندر رہنا چاہیے، میرا اور دیگر سیاستدانوں کا مذاق نہیں بنانا چاہیے اگر یہ عمل نہ روکا گیا تو میں عدالت سے رجوع کروں گا،

ان خیالات کا اظہار انھوں نے اتوار کو کراچی کے مقامی ہوٹل میں2 روزہ پاک بھارت سوشل میڈیا میلے کے شرکا سے گفتگو اور اسٹیٹ گیسٹ ہائوس میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا کہ گلوبل ولیج پر میڈیا کے مثبت اور منفی پہلو ہیں، پاکستان اور بھارت کو سائبر کرائم کا سامنا ہے، دہشت گرد آپس میں رابطوں کے لیے انٹرنیٹ استعمال کرتے ہیں، رحمن ملک کا مزید کہنا تھا کہ سوشل میڈیا سے آلودگی بھی پھیل رہی ہے جسے اپنا احتساب کر کے دور کیا جاسکتا ہے، سوشل میڈیا کو اخلاقیات کا بھی خیال رکھنا چاہیے، رحمن ملک نے اپیل کی کہ صحافی سوشل میڈیا کے ذریعے مثبت چیزوں کو فروغ دیں،

انتہا پسندی موجودہ دور کا بڑا مسئلہ ہے، سوشل میڈیا کو قانون کے دائرہ کار میں لانے کی ضرورت ہے، ان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیر داخلہ چدم برم نے ستمبر کے پہلے ہفتے میں دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی ہے، اسٹیٹ گیسٹ ہائوس میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ حکومت اپنے پانچ سال مکمل کرنے والی ہے، ہم آئندہ پانچ سال کے لیے اقتدار میں آئیں گے،

شہباز شریف نے نواز شریف کو سیاست سے باہر کردیا ہے، انھوں نے کہا کہ سندھی بولنے والے کسی بھی جماعت سے تعلق رکھتے ہوں وہ ہمارے بھائی ہیں، ان کے تحفظات دور کرنے کے لیے بہت جلد ان سے ملاقات کروں گا، انھوں نے کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے ریلیوں اور جلسوں کے خلاف شہر میں دفعہ 144کے نفاذ کا فیصلہ درست ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں