کراچی سے بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کا نیٹ ورک پکڑا گیا 4 دہشت گرد گرفتار

دہشت گردوں نے بھارت سے تربیت لی اور یہ پاک چائنہ کوریڈور سے متعلق افراد کو نشانہ بنانا چاہتے ہیں، ایس ایس پی سی ٹی ڈی


ویب ڈیسک August 27, 2015
دہشت گردوں نے بھارت سے تربیت لی اور یہ پاک چائنہ کوریڈور سے متعلق افراد کو نشانہ بنانا چاہتے ہیں، ایس ایس پی سی ٹی ڈی، فوٹو:فائل

کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے کراچی سے ''را'' کے تربیت یافتہ 4 دہشت گرد گرفتار کرلیے جن کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایس ایس پی سی ٹی ڈی نوید خواجہ نے بتایا کہ انسداد دہشت گردی فورس نے کراچی میں کارروائی کے دوران بھارت سے تربیت یافتہ 4 دہشت گردوں عبدالجبار، خالد، محسن اور شفیق کو گرفتار کیا ہے جن کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے۔ ایس ایس پی کے مطابق دہشت گرد بھارتی خفیہ ایجنسی ''را'' کے لیے کام کرتے تھے اور دہشت گردی کی تربیت کے لیے 1990 سے بھارت جارہے تھے جب کہ دہشت گردوں کے اکاؤنٹس میں بھارت سے پیسے منتقل ہوتے رہے ہیں جو جنوبی افریقا اور ملائشیا سے منتقل ہوتے۔

ایس ایس پی نوید خواجہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا مقصد ملک میں امن وامان کی صورتحال خراب کرنا تھا اور وہ پاک چائنا کوریڈور منصوبے سے متعلق افراد کو نشانہ بنانا چاہتے تھے جب کہ دہشت گرد محرام الحرام میں بڑی کارروائی کا ارادہ بھی رکھتے تھے جس کے لیے انہوں نے 3 امام بارگاہوں پر حملے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔

ایس ایس پی سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے ٹاؤٹس میں کچھ بلڈرز بھی شامل ہیں اور کراچی میں ان کے 200 سے زائد سلیپر سیلز ہیں، ملزمان کے سہولت کاروں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی جب کہ ملزمان کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔ نوید خواجہ نے بتایا کہ دہشت گردوں میں سے ایک ملزم نے وعدہ معاف گواہ بننے پر بھی آمادگی ظاہر کی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں