کیلشیم سلفیٹ کلیئرنس میں 19 کروڑکی ڈیوٹی چوری بے نقاب

درآمدکنندہ نے جنوری 2012 سے جون 2015 تک 48 کنسائمنٹس غلط ٹیرف پر کلیئر کرائے

محکمہ پوسٹ کلیئرنس آڈٹ نے کمپنی کو ٹیکسوں کی ادائیگیوں کا حکم جاری کر دیا، ذرائع فوٹو: فائل

محکمہ کسٹمزکے ڈائریکٹوریٹ آف پوسٹ کلیئرنس آڈٹ کراچی نے کیلشیم سلفیٹ کے کنسائمنٹس کی کلیئرنس پر 1 کروڑ 88 لاکھ روپے مالیت کی کسٹم ڈیوٹی وٹیکسوں کی چوری بے نقاب کرتے ہوئے میسرز بی ایس این میڈیکل پرائیوٹ لمیٹڈکو غیرقانونی طور پر ظاہر کردہ کم مالیت کی کسٹم ڈیوٹی ودیگر ٹیکسوں کی ادائیگیوں کا حکم جاری کردیا ہے۔


ذرائع نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ ڈائریکٹوریٹ پوسٹ کلیئرنس آڈٹ کراچی نے میسرزبی ایس این میڈیکل پرائیوٹ لمیٹڈنے 3 کلیئرنگ ایجنٹس میسرز ایچ آئی انٹرنیشنل، اوکے لاجسٹک اورفارن ٹریڈایسوسی ایٹ کے ساتھ مل کر جنوری 2012 تا جون 2015 کے دوران ماڈل کسٹمزکلکٹریٹ اپریزمنٹ ایسٹ اور اپریزمنٹ ویسٹ سے کیلشیم سلفیٹ کے 48 کنسائمنٹس کلیئرنس کے لیے پاکستان کسٹم ٹیرف (پی سی ٹی) کا غلط استعمال کرتے ہوئے قومی خزانے کو مجموعی طورپر 1 کروڑ 88 لاکھ 66 ہزار 315 روپے مالیت کے ڈیوٹی و ٹیکسوں کا نقصان پہنچایا۔

ذرائع نے بتایاکہ ڈائریکٹوریٹ آف پوسٹ کلیئرنس آڈٹ کراچی کی جانب سے جب ملک میں درآمد ہونے والے کیلشیم سلفیٹ کے کلیئرشدہ کنسائمنٹس کے ڈیٹاکی تفصیلی جانچ پڑتال شروع کی گئی تو معلوم ہوا کہ متعدد درآمدکنندگان کی جانب سے کیلشیم سلفیٹ کے کنسائمنٹس کی کلیئرنس میں ''پی سی ٹی'' کا غلط استعمال کیا گیا ہے جس کی آڑ میں کسٹم ڈیوٹی ودیگر ٹیکسوں کی وسیع پیمانے پر بے قاعدگیاں کی جارہی ہیں۔
Load Next Story