کسٹمز انٹیلی جنس نے کراچی میں40ہزارلیٹرایرانی ڈیزل پکڑ لیا

گنجان آباد رہائشی وصنعتی علاقے میں غیرقانونی طور پرزمینی ٹینک میں ذخیرہ کیا گیا تھا


Business Reporter August 28, 2015
گنجان آباد رہائشی وصنعتی علاقے میں غیرقانونی طور پرزمینی ٹینک میں ذخیرہ کیا گیا تھا۔ فوٹو: فائل

ڈائریکٹوریٹ آف کسٹمز انٹیلی جنس (اے ایس او)کراچی نے گزشتہ روز کامیاب کارروائی میں کراچی میں گودام پرکامیاب چھاپہ مارکر ناجائز طور پر رکھا گیا 40ہزار لیٹرز سے زائد اسمگل شدہ ایرانی ڈیزل قبضے میں لے لیا جوگنجان آباد رہائشی وصنعتی علاقے میں پلاٹ نمبر 29-D ، سیکٹر 12-C انڈسٹریل ایریا، صبا سینما سے متصل نیو کراچی میں بنائے گئے زمینی ٹینک میں ذخیرہ کیاگیا تھا۔

اس ضمن میںڈائریکٹرکسٹمز انٹیلی جنس محمدآصف مرغوب صدیقی نے بتایا کہ ڈیزل آتش گیر مادہ ہے اورگنجان آبادی کے علاقے میں اس کے وسیع مقدار میں ذخیرے سے خدشہ تھا کہ آتشزدگی کی صورت میں شہری آبادی کے بڑے حصے کوہولناک تباہی کا سامنا کرنا پڑتا جس سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا بھی خطرہ تھا، کسٹم انٹیلی جنس نے قانونی کارروائی کرتے ہوئے اس جگہ کو سیل کردیا ہے جو مبینہ طور پرامتیاز نامی شخص کی ملکیت بتائی جاتی ہے۔

ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ اس پلاٹ میں اسمگل شدہ ایرانی ڈیزل چھوٹی گاڑیوں میں بنائے گئے خفیہ ٹینکوں کے ذریعے لاکر ذخیرہ کیا جاتا تھا، اس سلسلے میں ایک گاڑی نمبر TKE-788کو بھی قبضے میں لے لیاگیا ہے جس میں تقریباً 6900 ڈیزل موجود تھا جسے مذکورہ گودام میں ہی اتارا جارہا تھا، اس سلسلے میں فوری طورپر ایف آئی آر درج کر کے رستم زماں نامی شخص کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے اور تحقیقات کے دائرے کو بڑھایا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ضابطہ کی کارروائی کرکے متعلقہ عدالت میں کیس کا چالان پیش کر دیا جائے گا، اس سلسلے میں کمشنر کراچی، سی سی پی او کراچی اور رینجرز کے اعلیٰ حکام کو بھی آگاہ کیا جارہا ہے تاکہ اس غیرقانونی دھندے میں ملوث افراد کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں