کرکٹرز آج یا کل سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط کریں گے

 معاوضوں میں خاطرخواہ اضافہ کردیا لہذا اب کسی کو کوئی شکایت نہیں ہوگی، چیئرمین پی سی بی


Saleem Khaliq August 28, 2015
 معاوضوں میں خاطرخواہ اضافہ کردیا لہذا اب کسی کو کوئی شکایت نہیں ہوگی، چیئرمین پی سی بی۔ فوٹو فائل

لاہور: قومی کرکٹرز جمعے یا ہفتے کو سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط کر دیں گے، معاوضوں میں خاطرخواہ اضافہ کیا گیا ہے، اظہر علی ون ڈے میں عمدگی سے قیادت کر رہے ہیں، انھیں عہدے پر برقرار رکھا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار چیئرمین پی سی بی شہریارخان نے نمائندہ ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ میں سینٹرل کنٹریکٹ پر کھلاڑیوں اور بورڈ میں کچھ عرصے سے تنازع تھا، اس ضمن میں مصباح الحق اور اظہر علی نے مذاکرات بھی کیے، بورڈ نے ان کے سامنے 2 آپشنز رکھے، ایک موجودہ تمام بونسز کو برقرار رکھتے ہوئے ماہانہ تنخواہوں میں 20 فیصد اور دوسرا بونس ختم کر کے ماہانہ رقم میں بھاری اضافہ تھا۔

ذرائع کے مطابق کھلاڑی دوسرے آپشن پر متفق نظر آتے ہیں۔ اس ضمن میں جب نمائندہ ''ایکسپریس'' نے چیئرمین پی سی بی شہریارخان سے رابطہ کیا تو انھوں نے کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹ پر تمام مسائل حل ہو گئے ہیں، جمعے یا ہفتے کو کھلاڑی دستخط بھی کر دیں گے، ان کے معاوضوں میں خاطر خواہ اضافہ کر دیا اور اب کسی کو کوئی شکایت نہیں ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ مسودے میں بہت زیادہ تبدیلیاں نہیں ہوئیں اور وہ گذشتہ معاہدے جیسا ہی ہے۔

دریں اثنا شہریارخان، اظہر علی کی کپتانی سے مطمئن دکھائی دیتے ہیں،اس حوالے سے استفسار پر انھوں نے کہا کہ ابھی تک تو اظہر نے بہتر انداز سے فرائض انجام دیے ہیں، میں ان کی کارکردگی سے خوش ہوں، انھیں عہدے پر برقرار رکھا جائے گا۔ یاد رہے کہ ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی بدترین کارکردگی کے بعد مصباح الحق نے کپتانی چھوڑ دی تھی، بورڈ نے حیران کن طور پر اسکواڈ سے باہر اظہر علی کو ذمہ داری سونپنے کا فیصلہ کیا، ان کی قیادت میں گذشتہ عرصے ٹیم نے سری لنکا کو شکست دی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں