ایکشن میں تبدیلی سعید اجمل کو راس نہ آ سکی

نئے انداز سے پرانی کارکردگی سامنے نہ آنے پر ووسٹر شائرکاؤنٹی کا صبر جواب دے گیا


Sports Desk August 28, 2015
نئے انداز سے پرانی کارکردگی سامنے نہ آنے پر ووسٹر شائرکاؤنٹی کا صبر جواب دے گیا۔ فوٹو: فائل

بولنگ ایکشن میں تبدیلی سعید اجمل کو راس نہ آ سکی،نئے انداز سے پرانی کارکردگی سامنے نہ آنے پر ووسٹر شائر کا صبر جواب دے گیا،تنزلی سے بچنے کیلیے آخری 2 کاؤنٹی چیمپئن شپ میچز میں پاکستانی آف اسپنرکی جگہ ویسٹ انڈین پیسر شینن گبرئیل سے معاہدہ کرلیا، سعید نے7 چار روزہ میچز میں48.50 کی بھاری اوسط سے صرف 16 وکٹیں لی تھیں۔

تفصیلات کے مطابق مشکوک ایکشن کو درست کرنے سے سعید اجمل کی بولنگ کا جادو کہیں کھو گیا، ان کی خواہش تھی کہ انگلش کاؤنٹی سیزن کھیل کر ردھم میں آئیں مگر ایسا نہ ہو سکا، انھوں نے گذشتہ سیزن کے 9 میچز میں63 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگا کر اپنی ٹیم کو ڈویژن ون میں ترقی دلائی تھی، مگر اس سال ان کے بے اثر ثابت ہونے سے ووسٹرشائر کو تنزلی کا خطرہ لاحق ہو گیا، سعید نے اب تک چیمپئن شپ کے 7 میچز میں48.50 کی بھاری اوسط سے صرف 16 وکٹیں ہی لی ہیں۔

اس وجہ سے فاسٹ بولرز جیک شینٹری، جوئے لیچ اور چارجلی مورس پر کام کا دباؤ بڑھ گیا، اب کاؤنٹی نے آخری 2میچز کیلیے ان کی جگہ پیسر شینن گبرئیل سے کنٹریکٹ کر لیا، انھیں ویسٹ انڈین بورڈ کے این او سی کا انتظار ہے،سعید اجمل آئندہ ہفتے سسیکس سے ہوم میچ کے بعد پاکستان واپس چلے جائیں گے۔

ان کے پاس اب ڈومیسٹک سیزن کھیل کر فارم حاصل کرنے کا موقع ہو گا، اسپنر کی خواہش ہے کہ وہ ایک بار پھرقومی ٹیم کی نمائندگی کریں مگر چیف سلیکٹر ہارون رشید واضح کر چکے کہ فوری طور پر اس کا کوئی امکان نہیں ہے۔ دریں اثنا ووسٹر شائر کے ڈائریکٹر آف کرکٹ اسٹیو رہوڈز نے امید ظاہرکی کہ گبرئیل کے آنے سے ان کی ٹیم کو خاصا فائدہ ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں