کراچی سے گرفتار را کے 4 ایجنٹ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

دہشتگردوں سے کچھ ایسے اکاوٹنس بھی پکڑے گئے ہیں جو بھارتی خفیہ ایجنسی "را" کے زیراستعمال ہیں،تفتیشی افسر

دہشتگردوں سے کچھ ایسے اکاوٹنس بھی پکڑے گئے ہیں جو بھارتی خفیہ ایجنسی "را" کے زیراستعمال ہیں،تفتیشی افسر۔ فوٹو: فائل

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے بھارتی خفیہ ایجنسی "را" کے چار ایجنٹوں کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا جب کہ عدالت نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 3 ملزمان کو بھی پولیس کی تحویل میں دے دیا۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس نے گزشتہ روز گرفتار ہونے والے "را" کے گرفتار 4 ایجنٹوں شفیق عرف پپو، خالد امان، محسن اور ظفر عرف ٹینشن کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا۔ اس موقع پر پولیس کے تفتیشی افسر نے موقف اختیار کیا کہ دہشت گردوں کو گزشتہ روز کاؤنٹرٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ نے گرفتارکیا جن سے کچھ ایسے اکاوٹنس بھی پکڑے گئے ہیں جو بھارتی خفیہ ایجنسی "را" کے زیراستعمال ہیں اور انہوں نے بھارت کے مختلف حصوں سے تربیت بھی حاصل کی جب کہ گرفتاردہشت گرد پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں رکاوٹیں ڈالنے کے لئے کارروائیاں بھی کرنا چاہتے تھے۔

پولیس کے تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ دہشت گردوں سے تفتیش کے لئے انہیں جسمانی ریمانڈ پر تحویل میں دیا جائے جس کے بعد عدالت نے پولیس کی درخواست منظور کرتے ہوئے چاروں دہشت گردوں کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ پولیس نے منگھو پیر سے گرفتار کئے گئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے والے 3 ملزمان جمشید خان ، قسمت شاہ اور حسن خان کو عدالت میں پیش کیا جو اورنگی ٹاؤن میں دھماکے کرنے ، سیاسی و مذہبی رہنماؤں کو قتل کرنے اور محرم الحرام کے دوران دہشت گردی کی منصوبہ بندی میں ملوث تھے جنہیں عدالت نے تفتیش کے لئے پولیس کے حوالے کردیا۔
Load Next Story