اسرار کا ٹائٹل سنہرے دور کی جانب واپسی قرار

ایک سال کی مزید محنت سے کئی اسکواش ٹرافیز پاکستان آ جائیںگی، سیکریٹری فیڈریشن


Asif Riaz August 29, 2015
ایک سال کی مزید محنت سے کئی اسکواش ٹرافیز پاکستان آ جائیںگی، سیکریٹری فیڈریشن ۔فوٹو : فائل

پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سیکریٹری گروپ کیپٹن عامر نواز نے ایشین جونیئر چیمپئن شپ میں اسرار احمد کی کامیابی کو کھیل کے سنہرے دور کی جانب واپسی قرار دیا ہے۔

انھوں نے کہاکہ ایک سال مزید محنت کرنے سے سینئر کی سطح پر بھی کئی ٹائٹلزدوبارہ پاکستان آ جائیں گے، ناصر اقبال، فرحان زمان کے بعد طیب اسلم، عاصم خان اور اسرار احمد جیسے ہونہار کھلاڑیوں سے کافی امیدیں وابستہ ہیں، انھیں بہترین ٹریننگ کے ساتھ انٹرنیشنل ایونٹ میں شرکت کے مواقع بھی فراہم کررہے ہیں، مارچ تک ناصر اقبال اور فرحان زمان کو ٹاپ 20 کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل کرنا چاہتے ہیں۔

نمائندہ ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے عامر نواز نے کہا کہ عاصم خان کی بیماری کے سبب ایران میں منعقدہ ایشین جونیئر چیمپئن شپ میں واحد پاکستانی اسرار احمد نے شرکت کی،وہ ٹائٹل فاتح کے روپ میں سامنے آئے، اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے، اب فیڈریشن کی محنت سے اس میں نکھار بھی آرہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ صدر فیڈریشن کی جانب سے ہدایت ہے کہ کھلاڑیوں کی انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت یقینی بنایا جائے تاکہ رینکنگ بہتر ہوسکے۔

عامر نواز نے کہا اسلام آباد میں اکیڈمی کے قیام سے کھیل کو بہت فائدہ پہنچے گا، ہم گذشتہ 4 ماہ سے 10 کھلاڑیوں کو مسلسل ٹریننگ دے رہے ہیں، ابھی کچھ دن وقفے کے بعد یہ کھلاڑی پیر کو دوبارہ اکیڈمی پہنچ جائیں گے، انھوں نے کہا کہ مزید ایک سال تک یہ پریکٹس جاری رہی تو پاکستان اسکواش میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرلے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں