پشاور سے تحریک انصاف کے ارباب عاصم بلا مقابلہ ضلعی ناظم منتخب

نوشہرہ سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کے بھائی لیاقت خٹک ضلعی ناظم منتخب


ویب ڈیسک August 30, 2015
نوشہرہ سے وزیراعلیٰ خیبر پختوا پرویز خٹک کے بھائی لیاقت خٹک ضلعی ناظم منتخب ہو گئے۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

تحریک انصاف کے ارباب عاصم بلا مقابلہ ضلعی ناظم منتخب ہو گئے جب کہ نوشہرہ سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کے بھائی لیاقت خٹک ضلعی ناظم منتخب ہو گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کورم پورا نہ ہونے اور تحریک انصاف کے امیدواروں میں گروپ بندی کے باعث پشاور کے ضلعی ناظمین کے لئے ووٹنگ کا عمل تاخیر سے شروع ہوا۔ پشاور کے ضلعی ناظم کے لئے ووٹنگ شروع ہونے سے قبل ہی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار رحم دلنواز اور پی ٹی آئی کے آزاد حیثیت میں نظامت کے امیدوار یونس ظہیر دستبردار ہو گئے جس کے باعث تحریک انصاف کے ارباب عاصم خان بلا مقابلہ ضلعی ناظم پشاور منتخب ہو گئے۔

تحریک انصاف نے پہلے نائب ناظم کے لئے یونس ظہیر کو ووٹ دیا لیکن پھر ان کی دوہری شہریت کے باعث نائب ناظم کا ٹکٹ قاسم علی شاہ کو دے دیا جس پر یونس ظہیر نے احتجاجاً ووٹ نہ ڈالنے کا فیصلہ کیا لیکن پھر آخری وقت میں انھوں نے ووٹ ڈالنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس فیصلے کو دل سے تسلیم نہیں کریں گے۔ پشاور کے ضلعی نائب ناظم کے لئے 3 امیدوار قاسم علی شاہ، سید باسط علی شاہ اور سید ظہیر الدین مد مقابل ہیں لیکن تحریک انصاف کے امیدوار قاسم علی شاہ کو دیگر امیدواروں پر سبقت حاصل ہے۔

نوشہرہ سے وزیراعلیٰ خیبر پختوا پرویز خٹک کے بھائی لیاقت خٹک ضلعی ناظم جب کہ تحریک انصاف ہی کے اشفاق احمد خان ضلعی نائب ناظم منتخب ہوئے۔ سوات سے مسلم لیگ (ن) کے محمد علی شاہ ضلعی ناظم اور اے این پی کے عبدالجبارنائب ناظم منتخب ہوئے۔

ایبٹ آباد سے پی ٹی آئی فارورڈ بلاک کے شیر بہادر ضلعی ناظم منتخب ہو گئے، شیر بہادر نے 41 جب کہ ان کے مد مقابل تحریک انصاف کے امیدوار علی جدون نے 33 ووٹ حاصل کئے۔ شیر بہادر کو مسلم لیگ (ن) کے نمائندوں بھی ووٹ ڈالے۔ ایبٹ آباد سے شوکت خان تنولی نائب ناظم منتخب ہوئے جب کہ ان کے مد مقابل تحریک انصاف کے امیدوار وقار بنی نے 33 ووٹ لئے۔

شانگلہ سے مسلم لیگ (ن) لیگ کے رہنما امیر مقام کا بیٹا نیاز مقام ضلعی نائب ناظم منتخب ہو گیا۔ نیاز امیر مقام صرف 24 سال کی عمر میں نائب ناطم منتخب ہو گئے۔ ہنگو: جے یو آئی ف کے مفتی عبید اللہ ضلعی ناظم جب کہ سید عمر نائب ضلعی ناظم منتخب ہو ئے۔

چترال سے جماعت اسلامی کے سید مغفرت شاہ ضلعی ناظم منتخب جب کہ جے یو آئی (ف) کے مولانا عبد الشکور نائب ناظم منتخب ہوئے۔ بونیر سے جماعت اسلامی کے ڈاکٹر عبید اللہ ضلعی ناظم جب کہ اے این پی کے یوسف علی نائب ضلعی ناظم منتخب ہوئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں