سری لنکن امیدوں کی کشتی بیچ منجھدار میں پھنس گئی

کولمبوٹیسٹ میں شکست کے سائے سر پر منڈلانے لگے، 67 رنز پر تین پلیئرز رخصت

7وکٹوں کے سہارے 319 رنزکا پہاڑ عبور کرنے کا کٹھن چیلنج درپیش ہے۔ فوٹو : اے ایف پی

سری لنکن امیدوں کی کشتی بیچ منجھدار میں پھنس گئی، کولمبو ٹیسٹ میں شکست کے سائے سر پر منڈلانے لگے، 386 رنز ہدف کے تعاقب میں 67 پر تین وکٹیں گنوادیں، سات وکٹوں کے سہارے 319 رنز کا پہاڑ عبور کرنے کا کٹھن چیلنج درپیش ہے، چوتھے دن کے اختتام پر کوشل سلوا 24 اور انجیلو میتھیوز 22 رنز کے ساتھ مزاحمت جاری رکھے ہوئے تھے۔

آخری روز بارش کی پیشگوئی درست ثابت ہونے سے ہی مرجھائے چہرے کھل سکتے ہیں، اس سے قبل بھارت کی دوسری اننگز 274 رنز پر تمام ہوئی، روہت شرما اور ایشون نے ففٹیز اسکور کیں، دھمیکا پرساد اور نوان پردیپ نے 4، 4 وکٹیں لیں۔ تفصیلات کے مطابق فیصلہ کن ٹیسٹ میں فتح کیلیے 386 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے سری لنکا کو آغاز میں زبردست صدمہ پہنچا،ایک رن پر ایک اور 2رنز پر دوسری وکٹ گر گئی،اپل تھارنگا اور ڈیموتھ کرونارتنے صفر کی خفت سے دوچارہوئے۔


اگرچہ دونوں ہی کاٹ بی ہائنڈ ہوئے مگر کامیاب بولر بالترتیب ایشانت شرما اور امیش یادیو تھے۔تیسری وکٹ21 کے اسکور پر گری جب دنیش چندیمل کو 18 کے انفرادی اسکور پر ایشانت نے کپتان کوہلی کی مدد سے پویلین کا راستہ دکھا دیا۔ جب چوتھے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو کوشل سلوا 24 اور میتھیوز 22 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔

آخری روز 98اوورز کا کھیل ہونا ہے جس میں میزبان سائیڈ کو فتح کیلیے 7 وکٹوں کے سہارے پر 319 رنز بنانے ہیں، منگل کو بارش کی پیشگوئی بھی موجود ہے جوکہ بظاہر آئی لینڈرز کے بچاؤ کا آخری راستہ دکھائی دے رہی ہے۔

اس سے قبل بھارت نے دن کا آغاز 21 رنز 3 وکٹ سے کیا مگر جلد ہی 64 پر گرنے والی وکٹوں کی تعداد 4 ہوگئی، کپتان ویرات کوہلی بھی 21 رنز پر آؤٹ ہوگئے،ایشون58، روہت شرما50 اور اسٹورٹ بنی49 رنز نے اسکور کو 274 تک لے جانے میں اہم کردار ادا کیا،پرساد اور پردیپ نے 4، 4 وکٹیں لیں۔
Load Next Story