بہاولپوراورجہلم میں قتل کے 2 مجرموں کو پھانسی دے دی گئی

رحیم یار خان کے اجمل نے پسند کی شادی نہ ہونے پر ضمیر نامی شخص کو قتل کیا تھا

گزشتہ روز بھی بہاولپور اور ساہیوال میں سزائے موت کے 2 مجرموں کو پھانسی دی گئی تھی. فوٹو: فائل

پنجاب کی مختلف جیلوں میں آج بھی قتل کے 2 مجرموں کو پھانسی دے دی گئی۔

ایکپسریس نیوز کے مطابق بہاولپور کی نیو سینٹرل جیل میں قتل کے مجرم اجمل کو علی الصبح تختہ دار پر لٹکایا گیا۔

رحیم یار خان کا رہائشی اجمل پسند کی شادی کرنا چاہتا تھا لیکن لڑکی کے والدین نے اس کی شادی ضمیر نامی شخص سے کردی تھی جس پر اجمل نے طیش میں آکر ضمیر کو 2001 میں قتل کردیا تھا۔ قانونی کارروائی کے بعد اجمل کی لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔


جہلم میں بھی تہرے قتل کے مجرم کو پھانسی دے دی گئی، مجرم ظہور شاہ نے 23 سال قبل 3 افراد کو قتل کیا تھا۔ اس موقع پر جیل کے اندر اور اطراف سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی بہاولپور اور ساہیوال میں سزائے موت کے 2 مجرموں کو پھانسی دی گئی تھی۔

گزشتہ برس دسمبر میں سزائے موت پر عمل درآمد شروع ہونے کے بعد سے اب تک تقریبا 300 مجرمان کو پھانسی دی جا چکی ہے۔
Load Next Story