جنگ قوم لڑتی ہے بھارت نے میلی آنکھ سے دیکھا تو منہ کی کھانا پڑے گی ایکسپریس فورم

دنیا پاکستان کی نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے خلاف سازش کر رہی ہے، زاہد مبشر


اجمل ستار ملک September 03, 2015
اتنا نقصان دشمن نہ دے پاتا جتنا دہشتگردوں نے پہنچایا، شاہد ریاض، بھارت جان لے ہماری فوج شہادت کے جذبے سے سرشار ہے، امجد حسین ۔ فوٹو : وسیم نیاز

جنگ فوجیں نہیں قومیں لڑتی ہیں اور پاکستانی قوم کا جذبہ آج بھی65ء جیسا ہے جو فوج دہشت گردی کے خلاف کامیاب جنگ لڑ سکتی ہے اس کیلیے نارمل جنگ کوئی مسئلہ نہیں، بھارت نے اگر میلی آنکھ سے ہماری طرف دیکھا تو اسے منہ کی کھانا پڑے گی۔

ان خیالات کا اظہار مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے ''یوم دفاع'' کے حوالے سے ''ایکسپریس فورم'' میں کیا، فورم کی معاونت کے فرائض احسن کامرے نے انجام دیے، سابق سیکریٹری خارجہ شمشاد احمد خان نے کہا کہ پاکستانی قوم نے اپنے ملک کیلیے جتنی قربانیاں دی ہیں دنیا کے کسی قوم نے نہیں دیں اور ان قربانیوں کی وجہ سے ہی یہ ملک قائم ہے، موجودہ حالات میں ملک کی آخری امید افواج پاکستان ہیں اور اب ہم اپنی آزادی اور وقار کی آخری جنگ ضرب عضب کی شکل میں لڑ رہے ہیں۔

ہم چھٹی نیوکلیئر طاقت ہیں لہٰذا بھارت کی یہ مجال نہیں کہ وہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھ سکے، ہم اس وقت مشکل ترین دور سے گزر رہے ہیں، ہمیں بھارت سے کوئی خطرہ نہیں، دشمن باہر نہیں ہمارے اندر بیٹھا ہے لہٰذا ہمیں اپنے اندرونی مسائل پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے انرجی شاہد ریاض گوندل نے کہا کہ دہشت گردی ہمارے لیے ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔

جس نے معاشرے کو دیمک کی طرح کھایا اور اتنا نقصان ہمیں بیرونی دشمن بھی نہ دے پاتا جتنا دہشت گردوں نے پہنچایا، اگر بھارت نے للکارا تو پوری قوم اپنے سارے وسائل ملکی سلامتی کیلیے خرچ کر دے گی، دفاعی تجزیہ نگار جنرل (ر ) زاہد مبشر نے کہا کہ جنگ فوج نہیں قوم لڑتی ہے لہٰذا اس وقت ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھ کر بھارت کے خلاف ایک متفقہ سیاسی بیان جاری کریں۔

دہشت گردی کے خلاف جنگ روایتی جنگ سے بہت مشکل ہے اور ہماری فوج اس جنگ میں کامیاب ہو رہی ہے لہٰذا اگر اب بھارت کے ساتھ جنگ ہوئی تو اسے منہ کی کھانا پڑے گی۔

اس وقت دنیا پاکستان کی نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے خلاف سازش کر رہی ہے اور ان کے تھنک ٹینکس پاکستان کی نیوکلیئر پاور کو دنیا کے لیے خطرہ ثابت کرنا چاہتے ہیں اس لیے ہمیں میچورٹی کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور اس حوالے سے غیرذمے دارانہ بیانات سے گریز کرنا چاہیے، دفاعی تجزیہ نگار ایئر وائس مارشل (رٹائرڈ) امجد حسین نے کہا کہ بھارت کو یہ سمجھنا چاہیے کہ ہماری فوج شہادت کے جذبے سے سرشار ہے لہٰذا اگر بھارت نے کوئی غلطی کی تو اس کو خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |