حکومت پیٹرولیم مصنوعات کے ذریعے ڈھائی ارب روپے ٹیکس وصول کرتی ہے خورشید شاہ

مسلم لیگ (ن) جس لیوی کو جگا کہتی تھی اب حکومت میں آکر اس پر بھی سیلز ٹیکس کا بھتہ لگادیا، رہنما پیپلز پارٹی


ویب ڈیسک September 03, 2015
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں کمی کا فائدہ عوام کوجانا چاہئے، خورشید شاہ فوٹو: فائل

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ حکومت کو یومیہ صرف پیٹرولیم مصنوعات سے ڈھائی ارب روپے سے زائد رقم حاصل ہوتی ہے اس لئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں کمی کا فائدہ عوام کوجانا چاہئے۔

اسلام آباد مین میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ چوہدری نثار جب قائد حزب اختلاف تھے تو وہ پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی کو جگا ٹیکس کہتےتھے لیکن اب حکومت نے لیوی پر بھی سیلز ٹیکس عائد کرکے اس جگا ٹیکس پر بھی بھتہ ٹیکس لگا دیا ہے۔

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی موجودہ قیمت کے حساب سے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 39 روپے فی لیٹربنتی ہے لیکن حکومت نے ڈیزل پر 45 روپے ٹیکس عائد کردیا ہے، اس طرح حکومت کو صرف ڈیزل پر ٹیکسوں کی مد میں یومیہ ایک ارب 15 کروڑ روپے حاصل ہوتےہیں۔

قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی اصل قیمت 40 روپے ایک پیسہ فی لیٹر بنتی ہے اس طرح حکومت کو پٹرول سے ٹیکسوں کی مد میں ہر 58 کروڑ روپے ملتے ہیں، اگر تمام پیٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکس کا تخمینہ لگایا جائے تو حکومت کو یومیہ صرف پیٹرولیم مصنوعات سے ڈھائی ارب روپے سے زائد رقم حاصل ہوتی ہے جو سالانہ 900 ارب روپے سے زائد بنتے ہیں۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت ملک کو سیکیورٹی نہیں فلاحی ریاست بنائے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں کمی کا فائدہ عوام کوجانا چاہئے، وہ ٹیکس ضرور لے لیکن اس حد تک کہ غریب نہ پسے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔