آصف زرداری نے سندھ کےعوام کیساتھ وہ سلوک کیا جوکوئی آمربھی نہیں کرسکتا عمران خان

سندھ میں الطاف حسین اور زرداری نے اردو اور سندھی بولنے والوں کو آپس میں لڑوایا، عمران خان


ویب ڈیسک September 04, 2015
آصف زرداری اور الطاف حسین منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں ،عمران خان:فوٹو فائل

پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ سندھ کی عوام کو کرپٹ حکمرانوں سے کوئی امید نہیں رہی اور آصف علی زرداری نے صوبے کی عوام کے ساتھ وہ کیا جو ایک آمر بھی نہیں کرسکتا۔

ڈہرکی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ سندھ کے لوگ چاہتے ہیں کہ وفاق ان کے حقوق کی خلاف ورزی نہ کرے، صوبے کی عوام کو خدشات ہیں کہ انہیں ان کے حقوق نہیں مل رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں جو غلط کام کروانا چاہتے ہیں وہ پولیس سے کروا لیں، لوگ اب امید کھو بیٹھے ہیں، آصف زرداری نے صوبے کی عوام کے ساتھ وہ کیا جو ایک آمر بھی نہیں کر سکتا، پیپلز پارٹی کو زرداری نے سب سے زیادہ نقصان پہنچایا، پیپلز پارٹی کا مستقبل بہت برا دیکھ رہا ہوں۔

سندھ کے لوگوں کو نعرہ دینے کی ضرورت نہیں ہے وہ باشعور ہیں، کرپشن، غربت اور اقربا پروری سے پسی ہوئی عوام یہاں کے حکمرانوں کو بار بار آزما چکے ہیں۔ مجھے سندھ میں پہلے آنا چاہئے تھا، سندھ میں سب سے زیادہ ضرورت تبدیلی کی ہے۔

تحریک انصاف کے چیرمین کا کہنا تھا کہ جو غربت سندھ میں دیکھی ہے وہ دوسرے صوبوں میں نہیں دیکھی، میں نے صوبے کے لوگوں میں کوئی بہتری نہیں دیکھی۔ سندھ میں ہاریوں اور جانوروں کا ایک جیسا ہی حال ہے، کوئی پوچھنے والا نہیں، عام آدمی کو ظلم سے کوئی بچانے والا نہیں ہے۔

عمران خان نے کہا کہ سندھ کے بڑے بڑے حکمران کرپشن میں ملوث ہیں، ایک لندن میں بیٹھا ہے اور دوسرا دبئی میں ہے۔ آصف علی زرداری اور الطاف حسین دونوں منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں، یہاں پر پیسہ کرپشن کے ذریعے دبئی اور لندن پہنچ جاتا ہے۔ سندھ میں الطاف حسین اور زرداری نے اردو اور سندھی بولنے والوں کو آپس میں لڑوایا اور لسانی بنیادوں پر تقسیم کیا۔

کراچی سمیت سندھ میں رینجرز کی کارروائیاں کرپشن کے خلاف ایک جہاد ہے، سندھ میں لوگ رینجرز سے خوش ہیں کیونکہ یہاں ٹارگٹ کلنگ ختم اور امن بحال ہوا ہے، رینجرز کرپشن کرنے والوں کے پیچھے جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ کی عوام نے 1988میں محترمہ بینظیر بھٹو کو جتوایا تھا، اگر لوگوں کو یقین ہوگیا کہ تحریک انصاف وہی کام کرنے آ رہی ہے جو ذوالفقار علی بھٹو نے کیا تھا تو پھر تبدیلی کے انقلاب کو کوئی نہیں روک سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سندھ کے لوگوں کو کرپٹ حکمرانوں سے آزاد کروا کے انھیں ان کے حقوق دلوائیں گے۔

عمران خان نے مزید کہنا تھا کہ اگر ہم نے ایک مضبوط اور غیر جانبدار احتساب بیورو نہ بنایا تو لوگ اس سطح پر پہنچ جائیں گے کہ غریبوں کے ملک پر امیروں کا ایک چھوٹا سا جزیرہ ہوگا، ہمارا احتساب کسی میں امتیاز نہیں کرے گا وہ کسی کو نہیں چھوڑے گا۔ ہم ادارے مضبوط کریں گے اور لوگوں کو با اختیار کریں گے جیسے ہم خیبر پختونخوا میں کئے ہیں، بلدیاتی انتخابات کروا کر عوام کا فنڈ ان کے حقیقی نمائندوں کے حوالے کیا۔

تحریک انصاف کے چیرمین نے کہا کہ ایم کیو ایم، پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ آپس میں ملے ہوئے ہیں، سندھ میں پہلے ایم کیو ایم اور پی پی کی نورا کشتی تھی، اسی طرح (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی نورا کشتی تھی۔ آصف علی زرداری نے پچھلے 5 سال میں نواز شریف کے کرپشن کیسز کو ہاتھ نہیں لگایا اب نواز شریف نے بھی وہی کیا جو ان کی عادت ہے اسی لئے اب آصف زرداری بول رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں