عالمی ضمیر کو جگانے والا ننھا فرشتہ ’’ایلان کردی‘‘ منوں مٹی تلے جا سویا

ایلان اس کے بھائی اور ماں کو سانحے میں زندہ بچ جانے والے گھر کے سربراہ نے لحد میں اتارا


News Agencies September 04, 2015
ایلان اس کے بھائی اور ماں کو سانحے میں زندہ بچ جانے والے گھر کے سربراہ نے لحد میں اتارا، فوٹو:رائٹرز

عالمی ضمیرکو جھنجھوڑنے اور دنیا بھر کے دل دہلانے دینے والے 3 سالہ شامی بچے ایلان کو اس کے اہل خانہ کے ساتھ کوبانی کے شہدا قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔



2 روز قبل ترکی کے ساحل پر موت کا شکار ہونے والے 3 سالہ ایلان کُرد کی تصویر کروڑوں افراد کے دلوں کو گرماگئی اور اس کربناک تصویر نے برطانیہ سمیت کئی ممالک کو مجبور کیا کہ وہ اپنی پالیسی بدل کر لیبیا، عراق اور خصوصاً شام کے تارکینِ وطن کو پناہ دینے پر غور کریں۔



کوبانی سے چلنے والے ایلان کو اس کے بھائی اور ماں کے ساتھ آہوں اور سسکیوں میں میں کوبانی کے ہی شہدا قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا جہاں اس سانحے میں زندہ بچ جانے والے گھر کے بدقسمت سربراہ عبداللہ نے اپنے پیاروں کو لحد میں اتارا۔



واضح رہے کہ کوبانی میں داعش کے قتلِ عام کے بعد صرف 10 دن میں ان کے خاندان کے 11 افراد کو موت کی گھاٹ اتارا گیا تھا جس کے بعد خوفزدہ عبداللہ اپنی بیوی ریحان اور 2 بیٹوں ایلان اور گلپ کو لے کر ترکی سے یورپی ساحلوں کی جانب روانہ ہوئے لیکن رات کی تاریکی میں ان کی کشتی یونانی جزیرے کوس کے قریب الٹ گئی اور بہت کوشش کے باوجود عبداللہ کی بیوی اور دونوں بچوں کو نہ بچایا جاسکا۔



عبداللہ کے مطابق دونوں بد نصیب بچے ان کے ہاتھوں سے پھسل کر سمندر میں چلے گئے اور وہ تیر کر دوبارہ ترکی کے ساحل تک پہنچے۔ چند گھنٹوں بعد ترک رضاکاروں کو ساحل پر ننھے ایلان کی لاش ملی جس اس کی تصاویر اور ویڈیو نے پوری دنیا کو اشکبار کردیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں