بنگلہ دیشی بورڈ کا سیکیورٹی وفد آج کراچی پہنچے گا

چیئرمین کرکٹ بورڈ سے ملاقات متوقع،کل ساؤتھ اینڈ کلب کے جائزے کا فیصلہ

چیئرمین کرکٹ بورڈ سے ملاقات متوقع،کل ساؤتھ اینڈ کلب کے جائزے کا فیصلہ فوٹو: اے ایف پی

KABUL:
بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کا 4 رکنی سیکیورٹی وفد ہفتے کی شب ڈھاکا سے کراچی پہنچ رہا ہے، ارکان رواں ماہ کے آخر میں ویمن ٹیم کے دورے سے قبل حفاظتی انتظامات و دیگر سہولیات کا جائزہ لیں گے۔


ان کی اتوار کو پی سی بی اورکراچی انتظامیہ سے ملاقات بھی طے ہے، وفد کی شہر میں موجود بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان سے بھی ملاقات متوقع ہے، بعدازاں ارکان پیر کی صبح ڈیفنس میں واقع ساؤتھ اینڈ کلب کا بھی دورہ کرکے سیکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیں گے، بہتری کیلیے تجاویز بھی د ی جائیں گی،کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی بنگلہ دیشی وفد کو دونوں ٹیموں کو فراہم کی جانے والی سیکیورٹی اور دیگر اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دیں گے، بعدازاں وفد لاہور پہنچ کر قذافی اسٹیڈیم اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے کے ساتھ متعلقہ حکام سے ملاقاتیں کرے گا۔

ارکان نیشنل ہاکی اسٹیڈیم کا بھی دورہ کریں گے،وہاں پی سی بی اور پنجاب اسپورٹس بورڈ حکام کی طرف سے نشتر اسپورٹس پارک کے اردگرد حفاظتی حصار پر بریفنگ دی جائے گی۔ سیکیورٹی وفد لاہور ہی سے براستہ دوحا وطن واپس روانہ ہوجائے گا، وہ جلد پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اپنی رپورٹ کرکٹ بورڈ حکام کو پیش کرے گا، انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرنے کی صورت میں بنگلہ دیش کی خواتین ٹیم رواں ماہ کے آخر میں دورہ کرے گی۔
Load Next Story