پنجاب کے مختلف شہروں سے 5000 کلو مضر صحت گوشت پکڑا گیا

ملتان میں گدھے کو ذبح کرنے والے 2 قصابوں کو شہریوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا

منشی اسپتال میں چھاپا مار کر گندگی اور بغیر لائسنس کام کرنے پر کینٹین کو بھی سیل کردیا گیا۔ فائل: فوٹو

KARACHI:
محکمہ فوڈ کنٹرول اتھارٹی نے مختلف شہروں میں کارروائیاں کر کے 5000 کلو گرام سے زائد مضر صحت گوشت برآمد جب کہ گندگی کے باعث 2 بیکریاں اور اسپتال کی کینٹین سیل کردی۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی کی چیرپرسن عائشہ ممتاز نے داتا گنج بخش کالونی میں واقع منشی اسپتال میں چھاپا مار کر گندگی اور بغیر لائسنس کام کرنے پر کینٹین کو سیل کردیا۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے اہلکاروں نے 2 بیکریوں کے ویئر ہاؤس پر بھی چھاپے مارے جہاں سے ہزاروں گندے انڈے اور دیگر مضر صحت سامان بھی برآمد ہوا جس پر دونوں بیکریوں کو سیل کردیا گیا۔

محکمہ لائیو اسٹاک نے لاہور کے علاقے گھوڑے شاہ میں غیر قانونی مذبح خانے پر چھاپہ مار کر 800 کلو مضر صحت گوشت برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ بھکر کے علاقے کھاڑو کلاں میں بھی لائیو اسٹاک نے چھاپہ مار کر 600 کلو سے زائد مضر صحت گوشت برآمد کیا۔


محکمہ لائیو اسٹاک نے راولپنڈی کے علاقے بنی میں غیر قانونی مذبح خانوں پر چھاپہ مار کر 3600 کلو گرام مضر صحت گوشت برآمد کر کے 13 افراد کو حراست میں لے لیا۔

دوسری جانب ملتان کی تحصیل شجاع آباد کے علاقہ پیراں غائب میں گدھے کو ذبح کرنے والے 2 قصاب غلام یاسین اور سفیان کو شہریوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔ ملزمان کا کہنا ہے کہ انہیں کسی نے گدھے کی کھال لانے کا کہا تھا جس کی قیمت 25 ہزار روپے طے پائی تھی، ہم صرف گدھے کی کھال اتار رہے تھے، گوشت بیچنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔

واضح رہے کہ پنجاب بھر میں مضر صحت گوشت بیچنے والوں، ہوٹلوں اور بیکریوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
Load Next Story