6 ستمبر65ءبھارتی حملہ پسپاحملہ آوردم دباکربھاگ نکلے

شاہینوں نے دشمن کے40 طیارے بھگادیے،ایک گرادیا،پاک فوج کئی میل اندرجا گھسی


APP September 06, 2015
بھارتی فوج پست حوصلے کیساتھ فرار ہو گئی اور بھاگتے ہوئے بھاری تعداد میں زخمیوں کے علاوہ بھاری تعدار میں بارود اور ہتھیار بھی چھوڑ گئی: فوٹو: فائل

6 ستمبر 1965 کے قومی اخبارات میں شائع ہونیوالی خبروں کے مطابق بھارت نے پاکستان پر حملہ کردیا اور شدید گولہ باری کے بعد لاہور کے محاذ پر بھارتی فوج پاکستانی سرحد میں داخل ہوگئی۔

بھارتی حملہ پسپا کر دیا گیا، پاک آزاد فوجیں دریائے توی پار کرکے کئی میل آگے بڑھ گئی، پیش قدمی جاری ہے جبکہ گجرات' گجرانوالہ اور آزاد کشمیر پر بھارت کے فضائی حملہ کی کوشش ناکام بنا دی گئی' چند پاکستانی طیاروں نے دشمن کے 40 طیاروں کو مار بھگایا' وزیرآباد پر حملہ کرنیوالا ایک بھارتی طیارہ گرا لیا گیا، پاک فضائیہ کے کمانڈر انچیف نے کارروائی کی خود نگرانی کی۔

بھارتی فوج کا زبردست فوجی نقصان ہوا، کئی بھارتی فوجی گاڑیاں تباہ کردی گئیں، صدر ایوب خان نے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آگے بڑھو دشمن کو تباہ کردو۔6 ستمبر 1965ء کے قومی اخبارات میں شائع شدہ خبروں کے مطابق ماڈل ٹائون لاہور' باٹا پور' جلو اور وزیر آباد ریلوے سٹیشن پر بھارتی طیاروں نے حملے کئے اور بھارت کے حملے کے بعد پاکستان میں ہنگامی حالت کا اعلان اور ڈیفنس آف پاکستان رولز نافذ کردیا گیا ہے، وزیر آباد سٹیشن پر ایک مسافر ٹرین کو بھارتی ہوا بازو نے نشانہ بنا کر اپنی بزدلی کا مظاہرہ کیا۔ایک رات کی طویل جنگ کے بعد جموں صوبہ کے سب سے مضبوط کنٹرول والے علاقے میں پاک فوج نے بھارت کو شکست دی۔

بھارتی فوج پست حوصلے کیساتھ فرار ہو گئی اور بھاگتے ہوئے بھاری تعداد میں زخمیوں کے علاوہ بھاری تعدار میں بارود اور ہتھیار بھی چھوڑ گئی۔ بھارتی حکومت نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کے طیاروں کو بھارتی علاقے سے پرواز کرنے کی ممانعت کی۔اس دن شائع ہونیوالی ایک خبر کے مطابق راولپنڈی کی تازہ ترین اطلاع مظہر ہے بھارت نے پاکستان کے علاقہ پر تین اطراف سے جو حملہ کیا تھا وہ پسپا کردیا گیا ہے اور صورتحال قابو میں ہے۔ اس دن انڈونیشیا کی پارلیمنٹ میں خاتون رکن کا بیان بھی اخبارات کی زینت بنا جس میں انہوں نے بھارت سے اپیل کی کہ وہ کشمیر سے متعلق اپنی پالیسی تبدیل کردے اور کشمیریوں کا حق خود ارادیت کا وعدہ پورا کرے۔

اسی کیساتھ انڈونیشیا میں بھارتی فلموں کے بائیکاٹ اور بھارتی وزیر تعلیم مسٹر چھاگلہ کے نیویارک روانہ ہونے کے بارے میں خبریں بھی شائع ہوئیں جبکہ پاکستانی فوج کو وزیر امورکشمیر کی مبارکباد بھی اخبارات کی شہ سرخیوں میں نمایاں رہی جس میں وزیر امور کشمیر نے جوڑیاں کی فتح پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے پاک فوج کے شیر دل جوانوں کو مبارکباد دی۔ کشمیر کے چھمب سیکٹر میں بہت بڑی جنگ کے بعد مبصر پیٹرک سیل نے پاکستانی فوج کے تمام رینکس اور مجاہدین کو ان کے نظم، بلند حوصلہ، مہارت اور با مقصدیت پر ان کو خراج تحسین پیش کیا۔ چینی عوام نے کشمیر کی عوام سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں